ٹینس کا بچپن سے شوق تھا ، اداکاری میں شناخت بنانا چاہتی ہوں مہک کھوکھر

ٹینس ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ کھیل ہے ، پرائیویٹ سیکٹر کرکٹ کی طرح ٹینس میں بھی سرمایہ کاری کرے

اسلام آباد( انٹرویو: خرم شہزاد اعوان) پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار مہک کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان ٹینس فیڈریشن اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے بہترین کام کررہی ہے، ملک میں ٹینس کے کھیل میں بہت ٹیلنٹ ہے،پرائیویٹ سیکٹر اگر سپورٹ کرے تو گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ مل سکتا ہے، دنیا کے بیشتر ممالک میں پاکستان کی نمائندگی کر چکی ہوں، بچپن سے ہی ٹینس کا شوق ہے، کھیل کے ساتھ ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے ذریعے بھی اپنی شناخت بنانے کے لئے سرگرم عمل ہوں، میرامشن پاکستان کی گرینڈ سلام ٹورنامنٹ میں نمائندگی کرنا ہے۔روزنامہ سی پیک سے گفتگو میں مہک کھوکھر نے کہا کہ ٹینس ایک بین الاقوامی شہرت یافتہ کھیل ہے جس کو پوری دنیا میں اہمیت حاصل ہے پاکستان میں اس کھیل کی مقبولیت کی کمی کی واحد وجہ لوگوں میں اس کھیل کے متعلق آگاہی کی کمی ہے سکول اور کالج کی سطح پر اس کھیل کو فروغ دے کر بہترین ٹیلنٹ حاصل کیا جاسکتا ہے پاکستان میں بہترین کوچ موجود ہیں جو اپنے وسائل کے اندر رہ کر بہترین کام کررہے ہیں مجھے ٹینس کے علاوہ ٹی وی ڈراموں میں کام کرنے کا شوق ہے جو میں پورا کر رہی ہوں اور جلد ہی لوگ مجھے کھیل کے میدان کے علاوہ دیگر شعبوں میں بھی کام کرتا دیکھ سکیں گے۔انھوں نے کہا کہ اگر پرائیویٹ سیکٹر بھی کرکٹ کی طرح ٹینس کے کھیل میں سرمایہ کاری کرے تو مزید لوگ بھی اس کھیل میں آئیں اور ٹینس کا کھیل پاکستان میں مزید ترقی کرے۔