
کوئٹہ: صحافی اور سماجی کارکن شاہینہ شاہین بلوچ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق شاہینہ شاہین کو تربت میں قتل کیا گیا، مقتولہ شاہینہ شاہین بلوچ کو تین گولیاں لگی تھیں۔
پولیس کے مطابق لاش اسپتال منتقل کردی گئی ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔ایس پی کیچ کا کہنا ہے کہ صحافی اور سماجی کارکن شاہینہ شاہین بلوچ کے قتل کا مقدمہ تربت تھانے میں شاہینہ کے ماموں نے درج کرایا ۔ایس پی نجیب پندرانی کے مطابق مقدمہ میں شاہینہ شاہین کے شوہر محراب گچکی کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم نے نائن ایم ایم پستول سے شاہینہ شاہین پر فائرنگ کی اور لاش اسپتال پہنچا کر ملزم فرار ہوگیا۔ایس پی کیچ کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے علاقے کی ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
شاہینہ شاھین پاکستان ٹیلی ویژن بولان کے مارننگ شو کی میزبان تھیں اس کے علاوہ وہ ایک بلوچی زبان میں شائع ہونے والے رسالے کی ایڈیٹر بھی تھیں۔
مطیع اللہ جان اور ساجد گوندل کے اغواء کے واقعات اور اب صحافی شاہینہ شاہین کے قتل کے بعد ملک بھر کی صحافی برادری میں تشویش پائی جاتی ہے۔




