کراچی ائیر پورٹ پر بچھو کے کاٹنے سے اے ایس ایف کا جوان جاں بحق


کراچی :کراچی ائیرپورٹ کے رن وے کے قریب بچھو کے کاٹنے سے ائیرپورٹ سیکورٹی فورس کا ایک جوان جاں بحق ہو گیا۔ اے ایس ایف کے ترجمان کرنل عثمان تنویر تفسیر کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 12 ستمبر کو کراچی ائیر پورٹ کے رن وے کے قریب پیش آیا تھا، اے ایس ایف اہلکار ندیم رن وے کے ساتھ کیمپ پر سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور تھا۔ عثمان تنویر کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد کراچی ائیر پورٹ کے رن وے کے اطراف خود رو گھاس اگ آئی جن میں سانپ اور بچھو اور دیگر حشرات الارض کافی تعداد میں پائے جاتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اے ایس ایف اہلکار ڈیوٹی کے دوران کیمپ کے قریب زمین پر چائے وغیرہ بنا رہا تھا کہ اس دوران اسے پچھو نے کاٹ لیا تھا۔ ان کے مطابق اہلکار ندیم کو تکلیف کے باعث فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اس میں زہر کا پھیلا روکنے کے لیے طبی امداد دی گئی تھی، بعد ازاں حالت بگڑنے پر اسے علاج کے دوران درجن سے زائد ڈرپس بھی لگائی گئیں جس سے ندیم کی حالت کچھ بہتر ہوئی تاہم بدقسمتی سے وہ 17 ستمبر کو انتقال کر گیا۔ لاڑکانہ سے تعلق رکھنے والے ندیم کو آبائی گاوں میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ ترجمان اے ایس ایف عثمان تنویر کے مطابق یہ ایک حادثاتی واقع ہے، ادارے کی جانب سے اہلکار کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی مگر خدا کو یہی منظور تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی میں تو پھر بھی صورتحال بہتر ہے مگر ملک کے دیگر ائیر پورٹس خاص طور پر اسلام آباد میں اے ایس ایف اہلکاروں کو رن وے پر ڈیوٹی دینے کے دوران جنگلی جانوروں سے شدید خطرات رہتے ہیں کیونکہ اسلام آباد ائیر پورٹ کے اطراف جنگلات کی وجہ سے اکثر جنگلی جانور رن وے کی طرف نکل کر حملہ آور ہوتے ہیں۔