چین پاکستان تجارتی حجم اور معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ اپنے تمام تر تجربات کو دونوں ممالک میں دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بروے کار لاؤں گا،نونگ رونگ
اسلام آباد(وقائع نگار )سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین مفرد نوعیت کے دوستانہ تعلقات دنیا کے لیے ایک مثال ہے، دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام ، اعتماد ، مفادات اور اسٹریٹجک شراکت داری پر استوار ہیں، دونوں دوست ممالک کے مابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں، رواں ماہ کے دوران سی پیک کے تحت رشکئی اکنامک زون کا افتتاح ہو رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سفیر نونگ رونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، اہم علاقائی و عالمی معاملات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ سپیکر نے چین کے سفیر نونگ رونگ کو پاکستان میں بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ نونگ رونگ کا سیاسی و سفارتی میدان میں وسیع تجربہ دونوں ممالک میں تعلقات کو مزید وسعت دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ دوست ملک چین کی جانب سینونگ رونگ کی بطور سفیر تعیناتی دوطرفہ تعلقات کو نئی جہتیں دینے کے عزم اعادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین مفرد نوعیت کے دوستانہ تعلقات دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔ دونوں دوست ممالک میں تعلقات باہمی احترام ، اعتماد ، مفادات اور اسٹریٹجک شراکت داری پر استور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں دوست ممالک کے بابین تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔ اسد قیصر نے کہا کہ چین اور پاکستان علاقائی و عالمی معاملات پر یکساں موقف کے حامل ہیں اور دونوں دوست ممالک نے علاقائی و عالمی فورمز پر ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کی ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ دوست ملک چین کی طرف سے پاکستان کے لیے ایک تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) اور ون بیلٹ ون روڈ کا اقدام پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کے منصوبے ہیں۔ رواں ماہ کے دوران سی پیک کے تحت رشہ کئی اکنامک زون کا افتتاح ہو رہا ہے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ رشہ کئی اکنامک زون سے پاکستان میں صنعتی شعبے کو فروغ حاصل ہوگاجس سے علاقے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔ دونوں ممالک کی پارلیمان کے مابین رابطوں کے فروغ سے دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر چین کے سفیر نونگ رونگ نے تعریفی کلمات پرسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنی مثالی دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ چین کی خارجہ پالیسی میں پاکستان کے ساتھ دوستی کو کلیدی اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان ایک دوسرے ہر دکھ سکھ کے دوست ہیں اور دونوں نے ہر مشکل وقت مین ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، نونگ رونگ نے کہا کہ چین پاکستان تجارتی حجم اور معاشی تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ اپنے تمام تر تجربات کو دونوں ممالک میں دوستی کے رشتے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بروے کار لاؤں گا۔


