
لاہور(نامہ نگار) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم رضوی انتقال کر گئے ہیں۔ خادم رضوی کے خاندانی ذرائع نے ان کی موت کی تصدیق کی ہے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ان کو گزشتہ چند روز سے بخار تھا ۔جمعرات کی شام ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور وہ اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔ مولانا خادم حسین رضوی صوبہ پنجاب کے ضلع اٹک سے تعلق رکھتے تھے۔خادم حسین رضوی 22 جون 1966 ضلع اٹک میں پیدا ہوئے، ان کے والد کا نام حاجی لعل خان تھا۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم جہلم سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے درس نظامی مکمل کیا۔ انہوں قران پاک حفظ کیا ہوا تھا۔ انھیں عربی اور اردو کے علاوہ فارسی زبان پر بھی عبور تھا۔ عرصہ قبل ان کا ٹریفک حادثہ ہوا تھا جس کی وجہ سے وہ معذور تھے اور چل نہیں سکتے تھے۔


