وزیراعظم اور اسلام آباد کے تینوں ارکان قومی اسمبلی عوام سے کئے گئے اپنے وعدے پورے کریں
اپنے بنیادی آئینی حقوق کے لیے نکل پڑے ہیںکنکشنز بحال نہ کرنے کی صورت میں اسلام آباد سے تحریک انصاف کا سیاسی جنازہ نکال دیں گے،مقررین کا عزم

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک نے خیام ٹائون H-13 میں احتجاجی جلسے اور ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں اسلام آباد کے دیہی و مضافاتی اور سوسائٹیز سے بڑی تعداد میں متاثرین بجلی گیس کنکشن نے شرکت کی۔ سابق آزاد امیدوار این اے 53 جاوید انتظار نے احتجاجی جلسے اور ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ اپنے بنیادی آئینی حقوق کے لیے نکل پڑے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان اور اسلام آباد کے تینوں اراکین اسمبلی نے متاثرین سے بجلی گیس کنکشن بحالی کے وعدے کیئے تھے۔ اب عمران خان بنیادی آئینی حقوق کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ حکومت اور تحریک انصاف کے پاس بجلی گیس کنکشنز بحالی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں بچا۔ کنکشنز بحال نہ کرنے کی صورت میں متاثرین اسلام آباد سے تحریک انصاف کا سیاسی جنازہ نکال دیں گے۔ احتجاجی جلسے اورریلی سے بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک کے صدر ملک زاہد محمود، جنرل سیکریٹری احمد فاروق، نائب صدر صوبیدار محبوب علی، ملک اونگزیب خان، عبدالبادشاہ خان، ملک صدیق ا بن دین ایڈوکیٹ، ملک اخلاق احمد اعوان ایڈوکیٹ، ملک ریاض بنگش، رانا عاقب نواز و دیگر مقررین نے حکومت کو شدید ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ لوگ بجلی گیس کے بغیر شدید تکلیف میں ہیں۔ عمران خان اور اراکین اسمبلی کے ظالمانہ روئیے کے خلاف ہم سراپا احتجاج ہیں۔ ہماری شنوائی نہ ہوئی تو سڑکیں بلاک کریں گے۔ بنی گالا میں عمران خان کے گھر کا گھیرائوکریں گے۔ چیئر مین بجلی گیس کنکشنز تحریک جاوید انتظار نے عہدیداران، وکلا ونگ اور یوتھ ونگ کا اعلان بھی کیا۔ جس کے مطابق عبدالبادشاہ خان تحریک کے نائب صدر، ملک اورنگزیب خان ڈپٹی جنرل سیکریٹری، محمود الہی اور شفیع اللہ اراکین مجلس عاملہ ہونگے۔ بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک وکلا ونگ کے اراکین آرگنائزنگ کمیٹی محمد صدیق ابن دین ایڈوکیٹ، ملک اخلاق احمد اعوان ایڈوکیٹ ہونگے۔ جبکہ بجلی گیس کنکشنز بحالی تحریک یوتھ ونگ کا چیف آرگنائزر رانا عاقب نواز کو مقرر کر دیا گیا۔ جبکہ سیف الاسلام جاوید رکن آرگنائزنگ کمیٹی یوتھ ونگ ہونگے۔ متاثرین نے احتجاجی جلسے کے بعد سڑک پر احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ جس میں مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ جن پر حکومت سے بجلی گیس کنکشن بحال کرنے کے مطالبے درج تھے۔ متاثرین نے اپنے مطالبے کے حق میں اور حکومت کے خلاف فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔




