فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی نے 1003 پلاٹس سیکٹر G.14/2,3کے الاٹیوں کے حوالے کر دیئے

اسلام آباد(وقائع نگار)فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی نے سیکٹر جی 14 ٹو اور تھری کے الاٹیوں کو مختلف کیٹیگریز کے 1003 پلاٹس حوالے کر دیئے۔ وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی نے مختلف کیٹیگریز کے سیکٹر جی 14 ٹو میں تقریبا 354 پلاٹس اور جی 14 تھری میں 649 پلاٹس الاٹیوں کے حوالے کئے۔ انہوں نے بتایا کہ 57 الاٹیوں نے قبضہ کے لیٹرز حاصل کرلئے ہیں جبکہ 12 الاٹیوں نے بلڈنگ پلان کی منظوری کیلئے این او سی کے اجراء کی درخواست دی ہے۔ الاٹیوں نے سیکٹر جی 14 ٹو اور جی 14 تھری میں گھروں کی تعمیرات کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سیکٹر جی 14 ون، ٹو اور تھری اسلام آباد میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کی ہائوسنگ سکیم فیز فور 2004میں شروع کی گئی تھی۔ لینڈ ایکوزیشن کلیکشن (ایل اے سی) کے ذریعے تقریبا 4820 کنال زمین مارچ 2004میں لینڈ ایکوزیشن ایکٹ 1894کے تحت حاصل کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 4820 کنال زمین کے لئے 5 لاکھ 90 ہزار روپے فی کنال کے نرخ پر 2005میں سب سیکٹر جی 14 ون، ٹو اور تھری کیلئے ایوارڈ کا اعلان کرنے کے بعد اتھارٹی کی جانب سے ترقیاتی کام کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سب سیکٹر جی 14 فور کا ترقیاتی کام مکمل ہو گیا ہے جبکہ سیکٹر جی 14 ٹو اور تھری میں 70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کا کام جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ مجموعی طور پر 60 فیصد ترقیاتی کام مکمل ہو چکا ہے اور بقیہ کام تعمیر شدہ پراپرٹیز )بی یو پیز( کا مسئلہ حل ہونے کے بعد مکمل کرلیا جائے گا جس کے لئے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سب سیکٹر جی 14 ون کیلئے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرلی ہیں جہاں ٹوپو گرافک سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔ سیکٹر جی 14 ون اور ٹو میں تعمیر شدہ پراپرٹیز کا ایوارڈ دینا ابھی باقی ہے جس کے لئے بلٹ اپ پراپرٹیز کا سروے جاری ہے۔ 529 تعمیر شدہ پراپرٹیز کے لئے معاوضہ کے طور پر تقریبا 1.889 ارب روپے کا ایوارڈ دیا جا چکا ہے۔