
ایونٹ نہ ہونے سے کئی لوگ کھیل چھوڑ گئے ،امید ہے نارملائزیشن کمیٹی سے معاملات بہتر ہو جائیں گے
اسلام آباد(انٹرویو :خرم شہزاد اعوان) پاکستان کی انٹرنیشنل فٹبال کھلاڑی ابہیا حیدر نے کہا ہے کہ فیڈریشن کے عہدیداران کے مابین جھگڑوں سے کھلاڑیوں کا نقصان ہوا، عرصہ دراز سے کوئی ایونٹ نہ ہونے سے فٹبالر کھیل چھوڑ چکے ہیں، پاکستان میں فٹبال کا بہت ٹیلنٹ ہے، نارملائزیشن کمیٹی مسائل کو حل کرکے فٹبال کو دوبارہ فعال کرے۔رواں سال نیشنل چیمپئن شپ کا انعقاد خوش آئند ہے۔ روزنامہ سی پیک سے خصوصی گفتگو میں ابیہا حیدر نے کہا کہ گزشتہ 6 سالوں سے فٹبال تنزلی کی جانب گامزن ہے اور ایونٹ نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑی کھیل چھوڑ رہے ہیں جس سے ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے فیڈریشن میں کرسی کہ لڑائی میں کھلاڑیوں کا نقصان ہو رہا ہے ہمیں صرف فٹبال کھیلنا ہے ہمیں کھیلنے دیا جائے نارملائزیشن کمیٹی سے امید ہے کہ تمام معاملات ہو جائیں گے اور فٹبال کا میدان دوبارہ سے آباد ہو گا۔ ابیہا حیدر نے کہا کہ پاکستان میں فٹبال کی انڈر 15 انڈر 17 انڈر 19 انڈر 21 کی ٹیم موجود ہے 2010 سے 2014 تک جتنا ٹیلنٹ تیار کیا گیا وہ اب ضائع ہو رہا ہے کھلاڑی فٹبال کھیلنا چاہتے ہیں فیڈریشن کے عہدیداران کو کھلاڑیوں کی فلاح کا سوچنا چاہئے اور ٹیلنٹ کو مزید ضائع ہونے سے بچانے کے لئے تمام جھگڑوں کو ختم کرنا چاہئے۔2014 تک پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیمیں آ رہی تھیں ہم بھی کھیل رہے تھے کلب لیول اور نیشنل لیول پر فٹبال کے مقابلے متواتر ہو رہے تھے ہم فیفا میں اچھی رینکنگ پر پہنچ چکے تھے مگر اس کے بعد فیڈریشن کے جھگڑوں نے سب کچھ تباہ کر دیا بہت سے کھلاڑی مایوس ہو کر کھیل ہی چھوڑ گئے۔رواں سال مارچ میں نیشنل چیمپئن شپ کراچی میں ہونے جارہی ہے جس میں تقریبا 26 ٹیمیں حصہ لیں گی اس کے کامیاب انقاد سے بہتری کی امید ہے۔



