کورونا: پاکستان میں ہلاکت خیز دن، 8 ماہ بعد ایک روز میں سب سے زیادہ 100 ہلاکتیں


وزیراعظم اور خاتون اول کے بعدصدر مملکت عارف علوی اور وزیر دفاع پرویز خٹک بھی کویڈ19 کا شکار
سابق صدر آصف زرداری نے بھی ویکسین لگوالی،اسلام آباد میں ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 9 افراد گرفتار

پاکستان میں کورونا کی تیسری شدید لہر سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے اورگزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی سنچری مکمل ہو گئی ہے جو گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران ایک دن میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔وزیراعظم اور خاتون اول کے بعد صدر مملکت عارف علوی اور وزیر دفاع پرویز خٹک بھی کویڈ19 کا شکار ہوگئے ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے کزشتہ روز کورونا ویکسین لگوائی ہے۔ صدر مملکت عارف علوی نے بھی کورونا ویکسین لگوائی تھی لیکن ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹے کورونا کی وجہ سے انتہائی ہلاکت خیز رہے اور وائرس سے 100 افراد انتقال کرگئے۔پاکستان میں کورونا کے اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ (covid.gov.pk) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 46269 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4084 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ وائرس سے 100 ہلاکتیں ہوئیں۔پیر کو ملک میں گزشتہ 8 ماہ کے دوران ایک روز میں ہونے والی یہ سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں، اس سے قبل گزشتہ سال 5 جولائی کو کورونا سے ایک روز میں سب سے زیادہ 93 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی تھیں۔
سرکاری پورٹل کے مطابق ملک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.8 فیصد رہی۔سرکاری پورٹل کے مطابق ملک میں کورونا سے ہلاکتوں کی تعداد 14356 ہوگئی اور مجموعی کیسز 6 لاکھ 63200 تک جاپہنچے ہیں جب کہ فعال کیسز کی تعداد 48566 ہے۔
اس کے علاوہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 2081 مریض کورونا سے صحتیاب بھی ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 600278 ہوگئی ہے۔
سرکاری پورٹل کے مطابق سندھ میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 265158 ہوگئی ہے جب کہ 4495 افراد اب تک انتقال کرچکے ہیں۔
پنجاب میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 217694 ہے اور 6319 افراد وائرس میں مبتلا ہوکر جان سے جاچکے ہیں جب کہ بلوچستان میں مریضوں کی کل تعداد 19535 اور ہلاکتیں 207 ہوچکی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 86044 اور 2319 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ آزاد کشمیر میں 12549 افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور 350 افراد انتقال کرگئے۔ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا کے مریضوں کی تعداد 5016 اور 103 افراد انتقال کرچکے ہیں۔
پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 57204 ہے اور اب تک 563 مریض انتقال کرچکے ہیں۔

دوسری طرف اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر کارروائیاں کرتے ہوئے 9 افراد کو گرفتار کرلیا۔
ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 3 ہوٹل اور 10 دکانیں سیل کی گئی ہیں جب کہ شادی ہالز کو 30 ہزار روپے جرمانہ بھی کیاگیا۔ ضلعی انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 5 ریسٹورینٹس سیل کرکے 35 ہزار روپے جرمانہ کیا۔