پردے میں میری حفاظت خدا کر رہا ہے تعلیم اور پردے کا طعنہ دینے والے کو ثنا خان کا کرارا جواب

اسلام آباد: شوبز کو چھوڑ کر مذہب کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے والی سابق اداکارہ ثنا خان نے تعلیم اور پردے کا طعنہ دینے والے مداح کو کرارا جواب دے کر خاموش کرادیا۔
ثنا خان نے بولی وڈ فلمز ‘ہلہ بول، جے ہو، وجہ تم ہو اور ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا’ میں سمیت دیگر فلموں میں بھی کام کیا تھا۔انہوں نے ریئلٹی ٹی وی شو بگ باس، خطروں کے کھلاڑی، کامیڈی نائٹس بچا، انٹرٹینمنٹ رات، جھلک دکھلا جا 7 اور کچن چیمپئن میں بھی حصہ لیا تھا۔
اس کے علاوہ ثنا خان نے تامل اور تیلگو فلموں میں بھی کام کیا، سال 2007 میں انہوں نے بولی وڈ فلم دھن دھنا دھن گول میں آئٹم سانگ بلو رانی بھی کیا تھا۔
تاہم انہوں نے اکتوبر 2020 میں شوبز چھوڑ کر مذہبی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کا اعلان کیا تھا، بعد ازاں نومبر 2020 میں انہوں نے مذہبی اسکالر مفتی انس سے شادی کرلی تھی۔
شادی کے بعد ثنا خان کو ہمیشہ حجاب اور پردے میں دیکھا گیا اور وہ پردے کے ساتھ ہی اپنے شوہر کے ہمراہ ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔
حال ہی میں جب انہوں نے حجاب میں اپنی تصویر شیئر کی تو ہمیشہ کی طرح جہاں کچھ مداحوں نے ان کی تعریف کی، وہیں بعض مداحوں نے ان کی پوسٹ پر نامناسب کمنٹس کیے۔
ایک مداح نے ان کی تصویر پر کمنٹ کیا کہ حجاب اور بکنی ہونی چاہیے تھی۔
اسی طرح ایک مداح نے انہیں طعنہ دیا کہ اتنی پڑھائی لکھائی کرنے کا کیا فائدہ ہوا، سب کی طرح پردے میں رہنا پڑا۔
مذکورہ مداح کے کمنٹس پر ثنا خان نے جواب دیا کہ جب وہ پردے میں رہ کر کام کر سکتی ہیں تو انہیں اور کیا چاہیے؟ انہوں نے لکھا کہ انہیں اتنے اچھے شوہر ملے، اتنے اچھے سسرالی ملے اور وہ پردے و حجاب میں رہتے ہوئے تمام کام سر انجام دی رہی ہیں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ انہوں نے اپنی تعلیم مکمل کی اور سب کچھ حاصل کیا اور سب سے بڑھ کر پردے میں ان کی حفاظت خدا کر رہا ہے۔