بابری مسجد کی شہادت میں شامل اور مسلمان ہوکر 59 مساجد تعمیر کرنے والے محمد عامر مشکو ک حالت میں گھر میں مردہ پائے گئے

محمد عامر نے بابری مسجد کی شہادت کے مداوے کے طور پر اپنی زندگی میں ہندوستان بھر میں100 مساجد تعمیر کروانے کا اعلان کررکھا تھا

اسلام آباد:بابری مسجد کی شہادت میں شامل بلبیر سنگھ اور مسلمان ہوکر 59 مساجد تعمیر کرنے والے محمد عامر مشکو ک حالت میں گھر میں مردہ پائے گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بطور بلبیر سنگھ وہ بابری مسجد کو شہید کرنے والوں میں شامل تھے بعد ازاں مسلمان ہوکر انہوں نے ہندوستان بھر میں 59 مساجد تعمیر کروائیں۔
بلبیر سنگھ نے مسلمان ہونے کے بعد اپنا نام محمد عامر رکھا تھا، وہ اتوار کو بھارت میں انتقال کرگئے۔
پولیس کے مطابق حیدر آباد کے علاقے حافظ بابا نگر میں واقعے اپنے گھر میں محمد عامر مشکوک حالت میں مردہ پائے گئے۔پولیس نے محمد عامر کی موت کو مشکوک قرار دے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق محمد عامر نے اپنی زندگی میں ہندوستان بھر میں100 مساجد تعمیر کروانے کا اعلان کررکھا تھا تاہم وہ 59 مساجد ہی تعمیر کر پائے تھے۔