چینی سفارت خانے کی جانب سے گوادر خودکش حملے کی مذمت


پاکستان سیکیورٹی تعاون کا طریقہ اپ گریڈ کرے تاکہ یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں

اسلام آباد:گوادر میں کیئے گئے خود کش حملے کے حوالے سے پاکستان میں موجود چینی سفارت خانے نے بیان جاری کیا ہے جس میں اس حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ چینی سفارت خانے نے کہا ہے کہ گوادر ایکسپریس وے منصوبے پر چینی عملے کی گاڑیوں کے قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا، جس میں 2 مقامی بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ 1 چینی سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔ پاکستان میں چینی سفارت خانہ گوادر میں ہوئی دہشت گردی کی کارروائی کی مذمت کرتا ہے، چینی سفارت خانہ دونوں ممالک کے زخمی افراد سے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
اعلامیئے میں کہا گیا ہے کہ چینی سفارت خانہ جاں بحق ہونے والے معصوم افراد کے لواحقین سے اظہارِ تعزیت کرتا ہے۔
چینی سفارت خانہ پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ زخمیوں کو مکمل طبی امداد دی جائے۔پاکستان خود کش دھماکے کی مکمل تحقیقات کرے اور مجرموں کو سخت سزا دے۔ اعلامیئے میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کے تمام متعلقہ محکمے سیکیورٹی کے لیے موثر اور عملی اقدامات اٹھائیں۔
اپنے اعلامیئے میں چینی سفارت خانے نے یہ بھی کہا ہے کہ پاکستان سیکیورٹی تعاون کا طریقہ اپ گریڈ کرے تاکہ یقینی بنایا جائے کہ آئندہ ایسے واقعات پیش نہ آئیں۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی گوادر میں خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے کہ انہوں نے ایک ٹویٹ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔