ماں کی دعا ساتھ ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے، والد نے بھی ہمیشہ حوصلہ بڑھایا

جمیکا:قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم سب سے کم اننگز میں 5 سنچریاں بنانے والے ایشین بلے باز بن گئے۔ جمیکا میں جاری ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے مابین دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں فواد عالم نے اپنی 5ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کرکے ایشیا کے نامور کرکٹرز کو پیچھے چھوڑ دیا۔ فواد عالم نے یہ اعزاز محض22 اننگز میں حاصل کیا ہے۔ ایشیا کا کوئی کرکٹر22 اننگز میں یہ اعزاز اپنے نام کرنے میں ناکام رہا ہے۔ بھارتی بلے باز چتیشور پجارا 24 اننگز، سارو گنگولی اور سنیل گواسکر نے25,25 اننگز میں 5 سنچریاں سکور کیں۔ پاکستان کے سابق کپتان یونس خان نے 28 اننگز میں 5 ٹیسٹ سنچریاں سکور کر رکھی ہیں۔جمیکا ٹیسٹ میں شاندار سنچری اسکور کرنے والے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین فواد عالم کا کہنا ہے کہ والدہ نے میچ سے پہلے کہا تھا کہ آج تم سینچری بنا گے، اللہ جب دیتا ہے چھپڑ پھاڑ کر دیتا ہے۔ آج کی سنچری اپنے والدین کے نام کرتا ہوں، میچ سے پہلے والدہ سے فون پر بات ہوئی تھی ماں کی دعا ساتھ ہو تو ہر مشکل آسان ہوجاتی ہے۔فواد عالم نے کہا کہ ہمیشہ اپنے والد سے متاثر ہوا ہوں، زندگی میں اونچ نیچ چلتی رہتی ہے مگر میرے والد نے ہمیشہ حوصلہ بڑھایا، خوش قسمت ہوں کہ مشکل وقت میں میرے اہلخانہ نے ہمیشہ مجھے حوصلہ دیا، والد ہمیشہ کہتے تھے کہ لگے رہو تمہارا وقت ضرور آئے گا۔
پانچ مختلف ممالک میں سنچریاں بنانے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، اللہ جب دیتا ہے چھپڑ پھاڑ کر دیتا ہے۔
فواد عالم نے سنچری اسکور کرنے پر اپنے مخصوص جشن کے اسٹائل کے حوالے سے کہا کہ یہ اسٹائل ترکش ڈرامہ ارطغرل غازی سے متاثر ہوکر اپنایا ہے، اس اسٹائل کو اظہر علی کے ساتھ طے کیا تھا۔
دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ریٹائرڈ ہرٹ ہونے والے فواد عالم نے کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی، وہ 124 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔


