جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کی وزیراعظم عبدالقیوم نیاز ی سے ملاقات،دورہ برطانیہ کی دعوت

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ ہندوستان کے مکروہ ہتھکنڈے اور ظلم و جبر کشمیریوں کے عزم کو کمزور نہیں کر سکے ‘کشمیری ہندوستان سے آزادی لیکر رہیں گے ، ہندوستان نے سید علی گیلانی کے جسد خاکی کی بے حرمتی کر کے ہر کشمیری کا دل زخمی کیاہے، ہندوستان کے اس مکروہ اقدام سے ہر کشمیری و پاکستانی رنجیدہ ہے ۔عالمی برادری کو ہندوستان کے مکروہ ہتھکنڈوں کا کا نوٹس لینا چاہیے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جموں وکشمیر ہائوس میں وزیراعظم سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں راجہ نجابت حسین نے وزیراعظم کو دورہ برطانیہ کی دعوت بھی دی جس پر وزیراعظم نے کہاکہ جلد برطانیہ سمیت یورپی ممالک کا دورہ کر کے انہیں مقبوضہ کشمیر میںہندوستانی فورسز کے انسانیت سوز مظالم سے آگاہ کرونگا۔وزیراعظم نے کہاکہ ہندوستان نے سید علی گیلانی کی نماز جنازہ اور تدفین پر پابندیاں لگا کر اپنا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں کر دیا ہے ۔اس موقع پر راجہ نجابت حسین نے کہا کہ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں بین الاقوامی سطح ہر بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کریں گے۔ برطانیہ میں مقیم کشمیری کمیونٹی اپنے محبوب قائد کے استقبال کے لئے بے چین ہے ۔سردار عبدالقیوم نیازی کی صورت میں کشمیری قوم کو ایک درویش صفت رہنماء میسر آیا ہے جو انکے مسائل کا ادراک رکھتا ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کیلیے درد دل بھی رکھتا ہے۔انہوں نے وزیراعظم کے عوامی انداز کو بے حد سراہا اور کہا کہ اللہ پاک آپ کو اپنے مقاصد میں کامیاب کرے۔