آریان خان کی گرفتاری، بالی ووڈ ستارے شاہ رخ کے حق میں بول پڑے

ممبئی :بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے اتوار 3 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل کے قریب موجود ایک کروز جہاز سے منشیات قبضے میں لینے کے بعد گرفتار کرلیا تھا۔تاہم اب بالی ووڈ کے ستارے جن میں سنیل شیٹی، سوچترا کرشنامورتھی اور دیگر شامل ہیں، نے اس پر اپنے ردعمل کا اظہا کرتے ہوئے شاہ رخ خان اور ان کے بیٹے آریان خان کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا۔
اس حوالے سے اداکار سنیل شیٹی نے میڈیا سے کہا کہ وہ فوری طور پر کسی نتیجے پر نہ پہنچیں بلکہ سچ کو سامنے آنے دیں، اس بچے کو موقع دیں کہ وہ اپنی صفائی پیش کرسکے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بچے کا خیال رکھیں۔انہوں نے کہا کہ جب بھی بالی ووڈ میں کچھ ہوتا ہے تو میڈیا خود سے چھان بین کر کے نتیجہ نکال لیتا ہے جو غلط ہے، سچ سامنے آنے دیں۔
گلوکارہ سوچترا کرشنامورتھی نے ٹوئٹر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے شاہ رخ خان کے لیے اپنے بھرپور تعاون اور ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ والدین کے لیے سب سے سخت وقت اپنے بچے کی تکلیف ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ میری تمام دعائیں اور ہمدردیاں شاہ رخ کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ آریان خان کے ساتھ دو دیگر افراد منمون دہمیچا اور ارباز مرچنٹ بھی گرفتار ہوئے ہیں اور انہیں میڈیکل ٹیسٹ کے لیے نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے ممبئی میں واقعہ دفتر منتقل کیا گیا۔
نارکوٹکس فورس نے آریان خان اور ان کے ساتھیوں کو ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے عدالت پیش کیا تھا، جہاں ان کی والدہ فیشن ڈیزائنر گوری خان نے ان کی ضمانت کے لیے بھی درخواست جمع کروائی تھی۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق نارکوٹکس فورس نے عدالت کو بتایا کہ ابھی ان کی تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے، اس لیے جانچ مکمل ہونے تک تمام ملزمان کو کم از کم مزید 9 دن کے لیے ریمانڈ پر دیا جائے، تاہم عدالت نے تمام ملزمان کو 7 اکتوبر تک ریمانڈ پر بھیج دیا۔
عدالت نے گوری خان کی جانب سے دائر کردہ درخواست کو مسترد کردیا اور ساتھ ہی آریان خان کے تمام ساتھیوں کو بھی ریمانڈ پر نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔
رپورٹ کے مطابق عدالت میں نارکوٹکس فورس نے بتایا چھاہے کے دوران ملزمان سے کوکین، چرس اور دیگر اقسام کی منشیات سمیت ایک لاکھ 33 ہزار روپے نقد رقم بھی برآمد کی۔
عدالت میں ملزمان کی پیشی کے وقت شاہ رخ خان کے بیٹے کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نارکوٹکس فورس چالان میں یہ بات ثابت نہیں کر سکی کہ ان کے موکل منشیات استعمال کرتے ہوئے پکڑے گئے یا ان کے پاس ڈرگس پکڑی گئی، اس لیے ان کے موکل کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔
آریان خان کو عدالت میں پیش کیے جانے کے حوالے سے بھارتی نشریاتی ادارے ایشین نیوز انٹرنیشنل (اے این آئی) نے بتایا کہ این سی بی نے گزشتہ روز گرفتار کیے گئے تمام افراد کو ممبئی کی عدالت میں پیش کرتے ہوئے عدالت سے ان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی اور عدالت نے تمام ملزمان کو نارکوٹکس فورس کے حوالے کردیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ آریان خان سمیت ان کیساتھیوں پر نارکوٹکس ایکٹ کی دفعہ 8 سی، 20، 27 اور 35 کے تحت مقدمہ دائر کیا گیا ہے۔
اسی حوالیسے ٹائمز آف انڈیا نے بتایا کہ آریان خان کو عدالت میں پیش کیے جانے کے موقع پر ان کی والدہ گوری خان بھی موجود رہیں، اس دوران انہوں نے سیاہ چشمہ پہن رکھا تھا جب کہ ان کے ہمراہ پوری وکلا ٹیم بھی تھی۔
بیٹے کی پیشی کے موقع پر شاہ رخ خان عدالت میں موجود نہیں تھے، دوسری جانب اداکار کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر آریان خان کا ساتھ دیتے ہوئے ان کی حمایت میں ہیش ٹیگز بھی چلائے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ بولی وڈ خان کے بیٹے کو کسی کیس میں پولیس نے گرفتار کیا ہے، اس سے قبل شاہ رخ خان یا ان کے کسی اہل خانہ کو کبھی گرفتار نہیں کیا گیا، البتہ اداکار پر ماضی میں مقدمات درج کروائے جاتے رہے ہیں۔
شاہ رخ خان کے بیٹے سے قبل بھی متعدد بولی وڈ شخصیات کے بچے یا خود کامیاب اداکار منشیات کے استعمال یا دوستوں کے ہمراہ ڈرگس پارٹیاں کرنے کے الزامات میں گرفتار ہوتے رہے ہیں۔