صوبوں نے نومبر میں بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے حامی بھر لی چودہ اکتوبر کو حتمی فیصلہ ہوگا

اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی سربراہی میں منعقد ہوا ۔ جس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن ، چاروں صوبائی الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں درج ذیل امور پر غور کیا گیا اور الیکشن کمیشن نے ضروری احکامات جاری کیے۔صوبہ خیبرپختونخواہ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا کہ 21ستمبر 2021 کو الیکشن کمیشن میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی تھی۔ جس میں صوبائی حکومت کے نمائندگان نے دوران سماعت الیکشن کمیشن کو بتایا تھا کہ صوبائی حکومت لوکل گورنمنٹ انتخابات مرحلہ وار کروانا چاہتی ہے اورطے پایا کہ پہلے مرحلے کے انتخابات ماہ نومبر 2021 میں کرائے جائیں الیکشن کمیشن نے ہدایت کی تھی کہ الیکشن کمیشن کے تحریری فیصلہ کا انتظار کئے بغیر فوری طور پر آئندہ لوکل گورنمنٹ انتخابات کی مرحلہ وار ترتیب اور اضلاع کی تفصیل الیکشن کمیشن کو مہیا کی جائے لیکن تاحال صوبائی گورنمنٹ کی طرف سے کوئی موقف یا مراسلہ موصول نہیں ہوا۔الیکشن کمیشن کو مزید بتایا گیا کہ الیکشن کمیشن الیکشن کے انعقاد کے لئے تیار ہے ۔ اس پر الیکشن کمیشن نے دفتر کو حکم دیا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں پہلے مرحلہ کے الیکشن کے انعقاد نومبر 2021 میں یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن کا اجلاس مورخہ 14اکتوبر 2021 بروز جمعرات کو ہوگا۔ اور صوبائی حکومت کو تحریر کیاجائے کہ مذکورہ بالا میٹنگ میں وہ صوبہ میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے مرحلہ وار انعقاد کا مکمل شیڈول الیکشن کمیشن کے سامنے پیش کریں ۔ تاکہ نومبر 2021 میں پہلے مرحلے کے انتخابات کی تاریخ کا فیصلہ کیا جاسکے ۔حلقہ بندیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیاکہ آئندہ انتخابات کے لئے نئی حلقہ بندی گورنمنٹ کی طرف سے شائع شدہ آبادی کے اعدادوشمار کو سامنے رکھ کرازسرنو کی جائیگی۔الیکشن کمیشن نے دفتر کو اس سلسلے میں ضروری انتظامات کرنے کا حکم جاری کیا۔الیکشن کمیشن نے آئندہ انتخابات کی تیاریوں کے متعلق بھی حکم دیا کہ آئندہ انتخابات کے انعقاد سے قبل تمام ضروری انتظامات کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کا بھی فیصلہ کیا تاکہ انتخابات 2023میں تجدید شدہ (updated) انتخابی فہرستیں استعمال کی جائیں ۔ الیکشن کمیشن نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کے شناختی کارڈ کے مستقل یا موجودہ پتہ پر اندراج کو یقینی بنائیں ۔ اسی طرح ووٹ کی درستگی بھی شناختی کارڈ کے کوائف کے مطابق کروائی جا سکتی ہے ۔ مزید
فوت شدہ افراد کے ووٹوں کے اخراج کو بھی یقینی بنائیں ۔ الیکشن کمیشن کو ڈسکہ الیکشن انکوائری رپورٹ پر بھی ان کیمرہ بریفنگ دی گئی۔