امریکی خاتون نے یوسف رضا گیلانی اور سینٹر رحمان ملک پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کردیا ، جلد مزید انکشافات بھی کریں گی

اسلام آباد:پاکستان میں مقیم ایک امریکی خاتون سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر داخلہ سینٹر رحمان ملک پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے جلد مزید انکشافات بھی کریں گی۔
ایک ویڈیو بیان میں سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی کرنے کا الزام لگادیا۔سنتھیا رچی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیر صحت مخدوم شہاب الدین پر بھی دست درازی کا الزام عائدکیا۔سنتھیا رچی نے الزام لگایا کہ رحمان ملک نے انہیں 2011 میں زیادتی کا نشانہ بنایا جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور رحمان ملک وزیرداخلہ کے عہدے پر فائز تھے اور یوسف رضا گیلانی نے تب دست درازی کی جب وہ ایوان صدر میں مقیم تھے۔
یاد رہے کہ سنتھیارچی نے ایک ہفتہ قبل سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو پر بھی گھٹیا الزام لگائے تھے جس پر پیپلز پارٹی کے کئی رہنمائوں نے ان کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
سنتھیارچی نے اس حوالے سے ایک ویڈیو پیغام میں زبانی الزامات عائد کئے ہیں تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے کہیں کوئی درخواست جمع کرائی ہے۔ تاہم ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے جلد مزید انکشافات کریں گی۔
اس حوالے سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اپنے ردعمل میں کہا کہ خاتون نے شہید بینظیر پر عجیب وغریب الزامات لگائے، کوئی بھی شہید بی بی پرالزام برداشت نہیں کرسکتا۔سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ الزام لگانیوالی خاتون ایوان صدر میں کیا کر رہی تھیں ۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ خاتون کے الزامات کے جوابات دینا توہین ہوگا،شہید بی بی کے دشمن بھی ایسی بات نہیں کرتے، میں ایوان صدر، صدر سے ملنے یا وفود سے ملنے گیاہوں گا، امریکی خاتون کو ایسی بات کرت ہوئے شرم آنی چاہیے۔