
لاہور…نورالعارفین
دیہی علاقوں کی سنی گئی، پنجاب حکومت نے 2 بڑے منصوبوں کی منظوری دیدی.
دیہی علاقوں کی سنی گئی، محکمہ بلدیات پنجاب نے مختلف اضلاع کے دیہی علاقوں میں جوہڑوں کے خاتمے اور پنجاب جابز اینڈ کمپی ٹیٹونس مشن پروگرام کے منصوبوں کی منظوری دے دی۔ سیکرٹری بلدیات پنجاب کی زیر صدارت ترقیاتی سب کمیٹی کے اجلاس میں مذکورہ منصوبے منظوری کے لئے پیش کئے گئے تھے، اجلاس میں سپیشل سیکرٹری بلدیات سمیت سینئر افسران نے شرکت کی، کمیٹی نے لاہور سمیت دیگر اضلاع میں 15 کروڑ 70 لاکھ کی لاگت سے جوہڑ ختم کرنے کے منصوبے کی منظوری دی،لاہور میں مراکہ، کرباٹھ اور باٹھ گائوں کی سکیمیں پیش کی گئی تھیں جن میں سے مراکہ میں جوہڑ کے خاتمے کے لئے 98 لاکھ کی منظوری دی، کرباٹھ اور باٹھ کی سکیموں کو مسترد کردیا گیا اور گوجرانوالہ ڈویژن، فیصل آباد ڈویژن، ملتان ڈویژن کی مختلف سکیمیں منظوری کی گئیں۔ منصوبے کے ذریعے متعلقہ دیہات میں سینی ٹیشن کے نظام کو بہتر بنانا ہے، کمیٹی نے پنجاب جابز اور کمپی ٹیٹیونس مشن پروگرام کی 9 کروڑ 80 لاکھ سے منظوری بھی دی، منصوبے کے تحت سروے کے لئے 40 موٹرسائیکلیں، آئی سیون کمپیوٹرز اور سکینرز خریدے جائیں گے۔ واضح رہے کہ گزشتہ اجلاس میں مذکورہ آئیٹمز کو پی سی ون میں شامل نہ کرنے پر منصوبے پر اعتراض لگا کر مسترد کر دیا گیا تھا، اجلاس کے دوران سپیشل سیکرٹری بلدیات کی جانب سے موٹرسائیکلیں براہ راست ہنڈا ڈیلر سے خریدنے کی تجویز پیش کی گئی۔



