حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کی بالا دستی ہو

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کی بالا دستی ہو۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاونِ خصوصی برائے امورِ نوجوانان عثمان ڈار، عاقب جاوید، رانا عاطف اور کرکٹر شاہین آفریدی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے ملاقات ملک میں کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو کی کامیابی اور اس کے نتیجے میں نوجوانوں کو مختلف کھیلوں میں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع میسر آنے پر گفتگو.کی ۔اس موقع پر وزیراعظم کو بالخصوص کرکٹ میں کامیاب جوان اور لاہور قلندر کے تعاون سے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام میں ابھرتے ہوئے کرکٹرز کی آئندہ پاکستان سپر لیگ میں شمولیت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا جس پر وزیرِ اعظم نے لاہور قلندر اور کامیاب جوان پروگرام کی کوششوں کو سراہا۔
اسکے علاوہ وزیرِ اعظم نے کرکٹر شاہین شاہ آفریدی کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کو سراہتے ہوئے مزید محنت سے پاکستانی کرکٹ میں اپنا مثبت کردار جاری رکھنے کی تلقین کی۔




