احساس تعلیمی وظائف ایپ” کا اجرا

اسلام آباد: 24 جنوری کو اقوام متحدہ کا عالمی یوم تعلیم منایا گیا ، جو ہر سال "ایجوکیشن فار آل ۔تعلیم سب کے لیے” کے مقصد کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جاتا ہے۔
اس عالمی یوم تعلیم 2022 پر، احساس مستحق بچوں کو احساس تعلیمی وظائف (اسکول وظیفہ) پروگرام میں اندراج کرنے میں سہولت فراہم کرنے کے لیے احساس تعلیمی وظائف ایپ کااجرا کیا گیا ہے جسے اینڈرائیڈ ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے ڈاون لوڈ کیا جا سکتا ہے۔
وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشترنے ایک بیان میں کہا،”سب کے لیے تعلیم کو فروغ دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ احساس کی تعلیمی وظائف ایپ کا استعمال کرتے ہوئے، خاندان اپنے بچوں کا اندراج بغیر کسی دفتر کے خود کر سکتے ہیں۔ یہ تاریخی قدم غریب ترین خاندانوں کو ان کے وقت اور اخراجات کو بچانے میں بھی مدد دے گا۔”احساس تعلیمی وظائف پروگرام کو گزشتہ 3 سالوں میں سخت محنت اور متعدد کاوشوں کے بعد ملک بھر میں عملدرآمد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ پروگرام کا مقصد ملک کی تمام تحصیلوں میں 10 ملین بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے میں مدد کرنا ہے۔احساس کے تمام اہل خاندانوں کے 4 سے 22 سال کی عمر کے بچے احساس کے اسکول وظیفے کے لیے اندراج کر سکتے ہیں۔ اس پروگرام میں بچوں کی تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے پرائمری، سیکنڈری اور ہائیر سیکنڈری اسکولوں کے وظیفے شامل ہیں۔
تمام مشروط مالی معاونت کے پروگراموں کے لیے احساس کی لڑکیوں کے وظیفہ کی پالیسی کے مطابق، لڑکیوں کو لڑکوں کی نسبت زیادہ وظیفہ ملتا ہے۔پرائمری اسکول جانے والے لڑکوں کو 1,500 روپے اور لڑکیوں کو 2,000 روپے کا سہ ماہی وظیفہ ملتا ہے; سیکنڈری اسکول کے لڑکوں کو 2,500 روپے اور لڑکیوں کو 3,000 روپے ملتے ہیں۔ ; اور ہائیر سیکنڈری سطح پر لڑکوں کو 3,500 روپے اور لڑکیوں کو 4,000 روپے ملتے ہیں۔اب تک، اس پروگرام میں 6.7 ملین سے زائد بچوں کا اندراج کیا جا چکا ہے۔