احساس راشن رعایت اسٹیئرنگ کمیٹی کی کم آمدنی والے خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے اہلیت کے معیار پر نظر ثانی


اسلام آباد: احساس کے زیر اہتمام احساس راشن رعایت اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد آج تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن (PASSD) میں کیا گیا۔ وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس کا آغاز احساس راشن رعایت کے آغاز سے متعلق پیش رفت پر بریفنگ سے ہوا۔ اسٹیئرنگ کمیٹی کو بتایا گیا کہ احساس راشن رجسٹریشن کی ویب سائٹ کو پہلے مرحلے میں رجسٹریشن شروع ہونے کے بعد سیاب تک 700 ملین صارفین نے ملاحظہ کیا ہے۔ مجموعی طور پر، 19.5 ملین درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 9.3 ملین منفرد خاندانوں کی رجسٹریشن پہلے مرحلے میں داخل ہوئیں۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بتایا ،”رجسٹرڈ خاندانوں کی درخواستیں فی الحال ڈیٹا اینالیٹکس سے گزر رہی ہیں۔ جن کی اہلیت کا تعین ہو چکا ہے انہیں مرحلہ وار 8171 تصدیقی پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔ نیز، اہل خاندان پہلے ہی 7,978 یوٹیلیٹی اسٹورز اور نیشنل بینک آف پاکستان (NBP) کے مجاز کریانہ ریٹیلرز کے نیٹ ورک سے احساس راشن سبسڈی حاصل کرنا شروع کر چکے ہیں”۔
کمیٹی کے اراکین نے وفاقی کابینہ کے احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کے ذریعے کم آمدنی والے خاندانوں کی کفالت کیلئے اہم فیصلے لیے۔ اہلیت کے معیار پر نظر ثانی کرتے ہوئے، کمیٹی نے خاندانی آمدنی کی حد کو ایک خاص سطح تک تبدیل کرنے پر اتفاق کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔
رجسٹریشن کے دوسرے مرحلے کے تحت احساس راشن رعایت پروگرام کے لیے کم آمدنی والے خاندانوں کو رجسٹر کرنے کے لیے احساس 8171 ایس ایم ایس سروس کو بھی حال ہی میں دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ 50,000روپے ماہانہ سے کم کمانے والے خاندان اپنا CNIC نمبر 8171 پر بھیج کر خود رجسٹر ہو سکتے ہیں۔ احساس راشن پورٹل (https://ehsaasrashan.pass.gov.pk/) کریانہ مالکان کو رجسٹر کرنے کے لیے بھی کھلا ہے۔
اسٹیئرنگ کمیٹی کو PASSD اور NBP کے ذریعے احساس راشن رعایت کی نگرانی کا مینڈیٹ حاصل ہے۔ سٹیئرنگ کمیٹی کی سرپرستی میں ڈویژن کے اندر ایک پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (PMU) بھی قائم کیا گیا ہے۔ PMU منصوبے کے مالیاتی انتظام، تشخیص، اور پالیسی پر نگرانی فراہم کرے گا۔
احساس راشن رعایت پروگرام 20 ملین خاندانوں کے لیے ہر ماہ آٹا، دالوں، کوکنگ آئل یا گھی کی خریداری پر 30 فیصد سبسڈی فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام کو پنجاب، کے پی، جی بی اور اے جے کے کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں مشترکہ طور پر فنڈز فراہم کرتی ہیں۔