
اسلام آباد …. قومی سلامتی کے مشیر لیفٹننٹ جنرل(ر)ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان ایران کیساتھ دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔یہ بات انہوں نے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو ان سے ملاقات کی۔ اس دوران دو طرفہ تعلقات،سی پیک کے اقتصادی پہلوﺅں،گوادر،چاہ بہار سمیت مسلم ممالک کی سیکورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قومی سلامتی کے مشیر نے ایرانی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران ہمارا برادر مسلم ہمسایہ ملک ہے جس کے ساتھ پاکستان کے ہمیشہ دوستانہ تعلقات رہے ہیں جبکہ پاکستان ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنیکا خواہاں ہے۔ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ عالم اسلام اس وقت مشکل دور سے گزر رہا ہے اور پاکستان اس میں بہت تعمیراتی اور متوازن کردار ادا کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم امہ کے مابین تعاون خطے میں پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔ہنر دوست نے سی پیک کو خطے کیلئے گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اس کا حصہ بننا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کبھی بھی اپنے وسائل کو پاکستان کیخلاف بروئے کار نہیں لائے گا۔دونوں فریقوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کا مشترکہ مسقبل ہے




