محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی ایک طرف افغانستان کے بعد آج دو مئی کو پاکستان میں عید کے امکانات بڑھ گئے ہیں

کابل:طالبان بازی لے گئے ،اسلامی دنیا میں سب سے پہلے عید منانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔تفصیلات کے مطابق وہ تمام ممالک جہاں 30 اپریل بروز ہفتہ کو رمضان المبارک کا 29 واں روزہ تھا، ان ممالک کی اکثریت میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ تاہم افغانستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں شوال کا چاند نظر آگیا اور وہاں آج یکم مئی بروز اتوار کو عید الفطر منائی جارہی ہے۔ جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق افغانستان میں شوال کا چاند آج 30 اپریل بروز ہفتہ کو نظر آنے کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا، جس کے بعد پاکستان کے اس پڑوسی ملک میں کل بروز اتوار یکم مئی کو عید الفطر منائی جائے گی۔ دوسری جانب تمام خلیجی ممالک نے عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ گلف نیوز کے مطابق ہفتہ 30 اپریل کو سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، کویت، بحرین اور عمان میں شوال کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہذا عید الفطر 2 مئی بروز پیر کو ہو گی۔ خلیجی ممالک میں سب سے پہلے سعودی عرب نے عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کیا۔
حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاونٹ کے مطابق ہفتہ 29 رمضان کے افطار کے بعد مملکت بھر میں شوال کا چاند دیکھنے کی کوشش کی گئی تاہم کہیں سے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ یوں سعودی عرب میں رواں سال ماہ مبارک 30 ایام کے بعد اختتام پذیر ہو گا اورعید الفطر 2 مئی بروز پیر کو ہو گی۔
اس سے قبل آسٹریلیا اور سنگاپور وہ پہلے 2 ممالک ہیں جہاں عید الفطر کی تاریخ کا باضابطہ اعلان کیا گیا۔ گلف نیوز کے مطابق ہفتے کے روز سنگاپور میں مسلمانوں کی نمائندہ مجلس کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ عید الفطر پیر 2 مئی کو ہو گی۔ جبکہ اس سے قبل 28 اپریل کو آسٹریلیا دنیا کا پہلا ملک تھا جہاں سب سے پہلے عید الفطر کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا۔آسٹریلیا میں ہی رواں سال کے رمضان المبارک کا چاند سب سے پہلے نظر آیا تھا۔ آسٹریلیا اور سنگاپور میں مقیم مسلمان پیر 2 مئی کو عید منائیں گے۔ آسٹریلیا کی امام کونسل نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ رواں سال 30 روزوں کے بعد رمضان المبارک کا اختتام ہو گا، یوں یکم شوال یعنی عید الفطر پیر 2 مئی کو منائی جائے گی۔ دوسری جانب سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت وہ تمام ممالک جہاں آج 29 رمضان المبارک ہے، ان تمام ممالک میں آج شوال کا چاند دیکھنے کی کوششیں جاری ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک ماہ کی تگ و دو کے بعد حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھانے میں کامیاب
عدالت عالیہ کے حکم پر سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اسلام آباد سے لاہور آکر ان سے حلف لیا
موجودہ صورت حال میں پنجاب کابینہ کی تشکیل اور پھر اس کی حلف برداری بھی ایک مشکل مرحلہ ہوگی
لاہور:نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف باالآخر ایک ماہ کی تگ و دو کے بعد پنجاب کی پگ اپنے سر پر رکھنے میں کامیاب ہو گئے ہیںعدالت عالیہ لاہور کے حکم پرسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے گورنرہائوس لاہور میں ان سے حلف لیا۔
یاد رہے کہ حمزہ شہباز قریبا ایک ماہ قبل وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہو گئے تھے لیکن پی ٹی آئی کے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ان سے حلف لینے سے گریزاں تھے۔ اس سلسلے میں انہوں نے عدالت عالیہ لاہور کا حکم بھی نہیں مانا ۔ عدالت نے انہیں کہا تھا کہ وہ خود یا اپنے کسی نمائندے کے ذریعے حمزہ شہباز شے حلف لیں لیکن وہ راضی نہ ہوئے اس کے بعد عدالت نے صدر مملکت عارف علوی کو بھی یہ آئینی ذمہ داری ادا کرنے کے لئے کہا گیا لیکن پھر بھی حلف نہ ہوسکا۔ جس کے بعد عدالت نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کو حکم دیا کہ وہ نومنتخب وزیراعلیٰ سے حلف لیں اس طرح قریبا ایک ماہ بعد حمزہ شہباز شریف وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھانے میں کامیاب ہو سکے۔
اسے مسلم لیگ ن کی ایک بڑی کامیابی قراردیا جارہا ہے لیکن پنجاب کی پگ کو اپنے سر پر درست طور پر رکھنے کے لئے حمزہ شہباز کی مشکلات ابھی کم نہیں ہوئی ہیں۔ابھی انہیں کابینہ کی تشکیل کا ایک مشکل مرحلہ طے کرنا ہے اور موجودہ صورت حال میںپھر ان کی حلف برداری ایک دوسرا چیلنج ہوگا۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کی سمری صدر کو بھجوا دی ہے اب اگر صدر اس پر سائن نہیں بھی کرتے تو چودہ دن کے اندر اندر گورنر اپنے عہدے سے فارغ ہو جائیں گے۔
ان حالات و واقعات سے لگتا ہے کہ پنجاب کی صوبائی کابینہ کی حلف برداری چودہ دن بعد موجودہ گورنر کی سبکدوشی کے بعد ہی ہوسکے گی۔


