
اسلام آباد:وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا چین کے ساتھ منفرد اور کل وقتہ آزمودہ تعلقات ہیں۔ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار احمد کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹوزرداری نے چینی ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ژی کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی جس میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے وزیر خارجہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے اور اس سے باہر کی بدلتی ہوئی صورتحال بالخصوص افغانستان کی سنگین انسانی اور اقتصادی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔


