بلیغ الرحمن نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

گورنر کے حلف کے ساتھ ہی پنجاب کی 8 رکنی کابینہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا


لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے منظوری کے بعد محمد بلیغ الر حمن نے گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ تقریب حلف برداری گورنر ہاس لاہور میں منعقد ہوئی جہاں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بلیغ الرحمن سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے بھی شرکت کی۔
بعدازاں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے صوبائی وزرا سے حلف لیا، پنجاب کی 8 رکنی صوبائی کابینہ نے پہلے مرحلے میں گورنر ہائوس لاہور میں اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، حلف اٹھانے والے وزرا میں رانا محمد اقبال خاں، سردار اویس خاں لغاری، ملک محمد احمد خاں شامل تھے۔
اس سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمد بلیغ الرحمن کی بطور گورنر پنجاب تعیناتی کی منظوری دی تھی۔
صدر عارف علوی کی جانب سے منظوری وزیر اعظم کی ایڈوائس پر آئین کے آرٹیکل 101 (1) کے تحت دی گئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب بنانے کی دوسری سمری ایک ہفتہ قبل صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کی تھی۔
اس سے قبل، رواں ماہ 7 مئی کو وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے بلیغ الرحمن کا نام گورنر پنجاب کے لیے صدر مملکت کو ارسال کیا گیا تھا، تاہم صدر مملکت نے وزیراعظم کی ارسال کی گئی سمری کو مسترد کر دیا تھا۔
صدر مملکت نے جواب دیا تھا کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آئین کے آرٹیکل 101 (2) کے تحت گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا، موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں، وزیراعظم شہباز شریف آئین کے آرٹیکل 48 (1) کے مطابق گورنر پنجاب کی تقرری کے حوالے سے اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پچھلی حکومت نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کو عہدے سے برطرف کرکے عمر سرفراز چیمہ کو گورنر بنایا تھا۔ عمر چیمہ نے ن لیگ کی نئی حکومت کے لیے کئی مشکلات کھڑی کیں اور وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے سے انکار کر دیا تھا۔
گورنر کے حلف کے ساتھ ہی پنجاب کی 8 رکنی کابینہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے صوبائی وزرا سے عہدے کا حلف لیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے تقرری سے متعلق نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا۔
حلف اٹھانے والے وزرا میں رانا محمد اقبال خان، سردار اویس خاں لغاری، ملک محمد احمد خاں شامل ہیں۔صوبائی کابینہ میں خواجہ سلمان رفیق، سید حسن مرتضی، عطا اللہ تارڑ، چودھری بلال اصغر اور علی حیدر گیلانی بھی شامل ہیں۔