
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے قومی اسمبلی سے استعفوں کے اعلان کے بعد تاحال کسی رکن نے استعفوں کی تصدیق کے لئے سپیکر آفس سے رجوع نہیں کیا ہے۔ تیسرے دن بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان قومی اسمبلی کا انتظار کیا گیا مگر کوئی نہیں آیا۔
یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کی تصدیق کے لئے اپنے آفس طلب کر رکھا ہے تاکہ ان کی تصدیق کے بعد اس حوالے سے حتمیٰ فیصلہ کیا جاسکے ۔
پی ٹی آئی ارکان کو چھ سے دس جون کے دوران استعفوں کی تصدیق کے لئے طلب کیا گیا تھا لیکن تاحال تین دن گزرنے کے باوجود پی ٹی آئی کا مستعفیٰ ہونے والا کوئی بھی رکن اپنے استعفیٰ کی تصدیق کے لئے اسپیکر آفس میں نہیں آیا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی 11 بجے سے ڈھائی بجے تک بلائے گئے 30 ارکان اسمبلی کے اپنے آفس میں منتظر رہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں سے متعلق فیصلہ 10 جون کو کریں گے۔
تاہم پی ٹی آئی ارکان کی جانب سے استعفوں کی تصدیق نہ کرنے سے ان کے استعفے منظور نہیں ہو سکیں گے۔
قواعد کے تحت قومی اسمبلی سیکریٹریٹ پی ٹی آئی ارکان کو 12 اپریل سے مئی کے پورے مہینے کی تنخواہ کی ادائیگی کا پابند ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


