الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے مستعفیٰ 11 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کردیا،نشستیں خالی قرار

سپیکر قومی اسمبلی نے 11 ارکان کے استعفیٰ منظور کرتے ہوئے ڈی نوٹیفائی کرنے کے لئے مراسلہ الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا
ارکان کے استعفے مرحلہ وار منظور ہو ں گے ،سپیکر نے استعفوں کی منظوری سے قبل وفاقی وزراخورشید شاہ، سعد رفیق اور ایاز صادق سے مشاورت کی


اسلام آباد:(دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کردیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے 11 ارکان اسمبلی کی نشستیں خالی قرار دے دی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق جنرل نشست پر علی محمد، فضل محمد خان، شوکت علی، فخر زمان خان، فرخ حبیب، اعجاز احمد شاہ، جمیل احمد، محمد اکرم اور عبدالشکور کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا ہے جبکہ مخصوص نشست پر شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ قبل ازیں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 11 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کئے تھے۔سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری سمیت 11 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور کئے تھے۔ سپیکر کی جانب سے ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے لئے مراسلہ الیکشن کمیشن بھیج دیا گیا تھا۔
سپیکر قومی اسمبلی نے استعفے آئین پاکستان کی آرٹیکل 64 کی شق (1) کے تحت تفویص اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے منظور کیے۔
استعفوں کی منظوری سے پہلے سپیکر قومی اسمبلی نے وفاقی وزرا خورشید شاہ، سعد رفیق، ایاز صادق سے مشاورت کی۔ تمام ارکان کے استعفے مرحلہ وار منظور ہوں گے۔
ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق جن 11 ارکان کے استعفے منظور کیے گئے ہیں ان میں این اے 22 مردان سے علی محمد خان اور این اے 24 چارسدہ سے فضل محمد خان کے نام شامل ہیں۔ این اے 31 پشاور سے شوکت علی، این اے 45 کرم ایک سے فخر زمان، این اے 108 فیصل آباد سے فرخ حبیب اور این اے 118 سے بریگیڈیئر (ر) اعجاز احمد شاہ ، این اے 237 ملیر کراچی سے جمیل احمد خان، این اے 239 کورنگی کراچی سے محمد اکرم چیمہ، این اے 246 کراچی جنوبی سے عبدالشکور شاد کے استعفے منظور کر لیے گئے ہیں۔ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق ان کے علاوہ خواتین کی مخصوص نشستوں سے ڈاکٹر شیریں مزاری اور شاندانہ گلزار خان کے استعفے بھی منظور کیے گئے۔