راولپنڈی میں متنازعہ سی ای او ایجوکیشن کی تعیناتی کا فیصلہ فی الفور واپس لیا جائے، ملک ابرار حسین

اسلام آباد:آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے راولپنڈی میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن کے عہدے پر متنازعہ شخصیت کی تعیناتی پر شدید ردعمل کااظہار کرتے ہوئے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاشف اعظم کی تعیناتی کا فیصلہ فوری طورپر واپس لیتے ہوئے اساتذہ تنظیموں اور نجی تعلیمی اداروں کے خدشات پر توجہ دی جائے۔کئی روز سے سی ای او کے آفس کے سامنے احتجاج کے لیے بیٹھے ہوئے مختلف تنظیموں کے اراکین کی دادرسی کرتے ہوئے ان کے خدشات دور کیے جائیں بصورت دیگر احتجاج کا یہ سلسلہ راولپنڈی سے نکل کر پورے ملک میں پھیل سکتاہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کی نئی حکومت نے سی ای او ایجوکیشن ضلع راولپنڈی راجہ امجد اقبال کو تبدیل کر کے ان کی جگہ کاشف اعظم کو تعینات کردیا ہے تاہم کاشف اعظم پہلے بھی اس پوسٹ پر رہ کر متنازعہ شخصیت کے طورپر سامنے آئے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ ان کے خلاف چھ مختلف تنظیموں نے ان کی تعیناتی کو مسترد کرتے ہوئے ان کے دفترکے باہر احتجاجی کیمپ لگا لیاہے اور اعلان کیا ہے کہ انہیں چارج سنبھالنے نہیں دیا جائے گا۔ان تنظیموں میں پنجاب ٹیچر یونین، پنجاب ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن،پنجاب ایس ای ایس ایسوسی ایشن،آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن،پنجاب سبجیکٹ ایسوسی ایشن اور انگلش ٹیچرز ایسوسی ایشن شامل ہیں۔
اس حوالے سے ملک ابرارحسین کا مزید کہنا تھاکہ حکومت پنجاب کو چاہیے کہ اساتذہ کے مسائل اور مطالبات پر توجہ دے اور کسی بھی متنازعہ شخصیت کی تعیناتی سے گریز کرے۔ انہوں نے کہاکہ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کاہنگامی اجلاس طلب کرلیا گیاہے اور بہت جلد اس حوالے سے سخت اور مشترکہ لائحہ عمل پیش کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے مطالبات پر غور نہ کیا تو ملک گیر احتجاج کی کال دیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری پنجاب حکومت پر عائد ہوگی۔