احتجاج رنگ لے آیا،فیول ایڈجسمنٹ چارجز ختم ، وزیراعظم کا تاجروں اور بجلی صارفین کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان

ایک کروڑ 71 لاکھ بجلی صارفین کو اب فیول ایڈجسٹمنٹ چارج ادا نہیں کرنا پڑے گا،آئی ایم ایف سے مشاورت کے بعد ریلیف دینے کا فیصلہ کیا

دوحا: وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بجلی صارفین کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز اور تاجروں پر عائد فکس ٹیکس ختم کرنیکا اعلان کیا ہے۔ قطر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ایک کروڑ 71 لاکھ بجلی صارفین جو ماہانہ 200 یااس سے کم یونٹ استعمال کریں گے ان کو اب فیول ایڈجسٹمنٹ چارج ادا نہیں کرنا ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کے 3 کروڑ صارفین ہیں، جن میں سے 1 کروڑ 71 لاکھ صارفین کو بجلی کے بلوں کی مد میں اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز نہیں دینا پڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے سے فکس ٹیکس کے باعث عوام پر بوجھ پڑا تاہم بقیہ ایک کروڑ 30 لاکھ صارفین کو بھی ریلیف دینے پر غور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فکس ٹیکس ختم کردیا ہے، تاجروں پر فکس ٹکس بجٹ سے پہلے والی گفتگو کی روح کے خلاف ہے، اس سے چھوٹے تاجروں کو بے پناہ مالی بوجھ کا سامنا کرنا پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ اب تاجروں کو فکس ٹیکس کے معاملے پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، فکس ٹیکس کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لئے کمیٹی بھی بنادی ہے۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے مشاورت کے بعد عوام کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ ٹل چکا ہے اور ہم مہنگائی پر قابو پانے میں بھی جلد کامیاب ہو جائیں گے۔
یاد رہے کہ بجلی کے بلوں میں حالیہ بے تحاشا اضافے پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا تھا اور اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں شدید احتجاج ہوا تھا ۔اس احتجاج میں گھریلو خواتین بھی پیش پیش تھیں۔
ان حالات کو دیکھتے ہوئے وزیراعظم کی جانب سے یہ بڑا ریلیف دیکھنے میں آیا ہے۔ وزیراعظم کا کہناتھا کہ بقیہ ایک کروڑ 30 لاکھ صارفین کو بھی ریلیف دینے پر غور کر رہے ہیں۔