استعفٰی ذاتی وجوہات کی بنا کر دیا، ہاشم ڈوگر،پی ٹی آئی قیادت کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کے رویے سے نالاں تھی، ذرائع

لاہور :پنجاب کے وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے استعفی دیدیا ہے ۔ ان کاکہنا ہے ذاتی وجوہات کی وجہ سے عہدے پر کام جاری نہیں رکھ سکتا۔ کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے اپنا استعفی وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو پیش کردیا۔ ان کے پاس وزیر جیل خانہ پنجاب کا بھی قلمدان تھا۔ان کا کہنا ہے کہ ذاتی وجوہات کی وجہ سے عہدے پر کام جاری نہیں رکھ سکتا۔تاہم خیال کیا جاتا ہے کہ لانگ مارچ سے متعلق دئیے گئے ان کے مبینہ بیان کے بعد ان پر دبائو تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے استعفی دیا نہیں بلکہ ان سے لیا گیا ہے، انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایات پر استعفی دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہاشم ڈوگر کو پاکستان تحریک انصاف کی اعلی قیادت کی جانب سے لانگ مارچ سے متعلق دیئے گئے بیانات پر شدید ردعمل کا سامنا تھا، عمران خان نے بیان کے حوالے سے وضاحت بھی مانگی تھی.
ذرائع نے بتایا ہے کہ صوبائی وزیر داخلہ کو 3 روز پہلے پریس کانفرنس کرنے کی بھی ہدایات دی گئیں جس کیلئے دعوت نامے بھی جاری ہوئے تاہم انہوں نے پریس کانفرنس کرنے سے انکار کردیا تھا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی قیادت کرنل (ر) ہاشم ڈوگر کے رویے سے نالاں تھی۔
کرنل (ر) ہاشم ڈوگر پی پی 177 قصور 4 سے 2018 کے الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے۔ہاشم ڈوگر قصور کے سیاسی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں، ان کے والد سردار محمد عاشق ڈوگر 2 مرتبہ رکن قومی اسمبلی اور 2 مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی رہ چکے ہیں، جبکہ ان کے بھائی جاوید عاشق ڈوگر بھی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں۔
ہاشم ڈوگر نے ایچی سن کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی اور پاک فوج میں شامل ہوگئے، انہوں نے 2015 میں ریٹائرمنٹ لینے کے بعد انتخابات میں حصہ لیا تھا۔


