علامہ باقر علی نقوی صدر پنجاب، دیگر صوبائی عہدیداران کی حلف برداری

عہدیداران کا تحریک کے اہداف کے لیے توانائیاں بروئے کار لانے کا عزم


راولپنڈی :تحریک نفاذ فقہ جعفریہ صوبائی کونسل پنجاب کے سرکردہ عہدیداران نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھالیا۔ تحریک کے سربراہ علامہ آغا سید حسین مقدسی نے ہیڈکوارٹر مکتب تشیع میں ہونے والی خصوصی تقریب میں حلف لیا۔
حلف اٹھانے والوں میں صوبائی صدر علامہ سید باقر علی نقوی، نائب صدر علامہ علی شیبہ انصاری، جنرل سیکرٹری سید حسن کاظمی اور سیکریٹری اطلاعات سید ناصر کاظمی کے علاہ ٹی این ایف جے کے چیئرمین پولیٹیکل سیل ذوالفقار علی راجہ بھی شامل تھے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ صوبائی کابینہ میں شامل ہونے والے صوبائی صدر علامہ باقر علی نقوی خطیب و ادیب ہیں جبکہ نائب صدر علامہ علی شیبہ انصاری فاتح ٹیکسلا علامہ محمد بشیر انصاری اعلی اللہ مقامہ کے پوتے ہیں۔
تمام عہدیداران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مشنِ ولا و عزا، حرمت سادات احترام مرجعیت اور مرکزیت کے فروغ و پاسداری کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔
تقریب میں علمائے کرام ٹی این ایف جے کے مرکزی نائب صدور آغا سید محمد مرتضی موسوی ایڈووکیٹ، آغا سید علی روح العباس موسوی ایڈووکیٹ، باوا سید فرزند علی شاہ کاظمی، سیکریٹری جنرل علامہ بشارت حسین امامی،سرپرست اعلی مختار فورس پاکستان سردار سید عبادت حسین شاہ سمیت مرکزی عہدیداران اور ذیلی شعبہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔