باؤلر کو کندھا مارنے پر ویرات کوہلی کی سرزنش

آئی سی سی نے ساؤتھ افریقی باؤلر کو کندھا مارنے پر   بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان دنیا کے بہترین بلے بازویرات کوہلی کو وارننگ جاری کردی  ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں ویرات کوہلی آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق لیول ایک کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے ہیں۔

اس پر ان کی سرزنش بھی کی گئی ہے اور وارننگ بھی دی گئی ہے۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتی کپتان کو ڈی میرٹ پوائنٹ دیا گیا۔
لاگو کردہ ضابطہ اخلاق انٹرنیشنل میچ میں کسی بھی کھلاڑی، امپائر یا تماشائی سے فزیکل (جسمانی) کانٹییکٹ سے متعلق ہے۔

وہرات کوہلی نے تیسرے ٹی 20 میچ کے دوران 5 ویں اوور میں رن لیتے ہوئے پروٹیز بولر بیوران ہینڈرکس کو کندھا مارا تھا۔

اس واقعے کے بعد کوہلی کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے۔  جنوری 2018 کے بعد تیسری دفع انہیں ڈی میرٹ پوائنٹ الاٹ کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 15 جنوری 2018ء کو جنوبی افریقا کے ہی خلاف پریٹوریا ٹیسٹ کے دوران، جب کہ 22 جون 2019ء میں آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف ان کو ڈی میرٹ پوائنٹ ملا تھا۔

لیول ایک کی خلاف ورزی پر کھلاڑی کو سرزنش، میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ اور ایک یا دو ڈی میرٹ پوائنٹس کی سزا دی جاتی ہے۔

اگر کوئی کھلاڑی 24 ماہ کے دوران چار یا اُس سے زائد ڈی میرٹ پوائنٹس تک پہنچ جائے تو وہ معطلی پوائنٹس میں تبدیل کردیئے جاتے اور کھلاڑی پر پابندی عائد کردی جاتی ہے۔

دو معطلی پوائنٹس ایک ٹیسٹ یا دو ایک روزہ بین الاقوامی یا دو ٹی 20 میچز پر پابندی کے برابر ہوتے ہیں۔ جو ایونٹ بھی پہلے ہوگا، پابندی کا اطلاق اس میچ پر ہوگا۔

دنیا کے بہترین بلے باز اخلاقی لحاظ سے وہ معیار برقرار نہیں رکھ سکے ہیں۔