جانباز گروپ کو شکست فاش اعجاز احمد انصاری صد اور ر نوید بسراجنرل سیکرٹری منتخب
گوجرانوالہ ( نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ تعلیمی بورڈ کی ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے انتخابات میں اتحاد گروپ نے کلین سویپ کرتے ہوئے جانباز گروپ کو شکست فاش دے دی ۔تفصیلات کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن گوجرانوالہ کے الیکشن برائے سال 2023-24میں اتحاد گروپ نے پورے پینل کے ساتھ شاندار کامیابی حاصل کرکے جانباز گروپ کو چاروں شانے چت کر دیا۔
الیکشن کمیٹی کے جاری کردہ انتخابی نتائج کے مطابق صدر کی نشست کے لیے اعجاز احمد انصاری نے 356 ووٹ حاصل کرکے 291 ووٹ حاصل کرنے والے مدمقابل سید سبطین عباس کو65 ووٹ سے شکست دے دی۔سینئر نائب صدر میاں محمد اسلم مہر نے 344ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل طارق محمود انصاری نے 296 ووٹ حاصل کیے ۔ نائب صدر اول کی نشست پر افضال احمد گورائیہ نے 372ووٹ حاصل کیے جبکہ مدمقابل امیدوار محمد بشیر انجم صرف 272ووٹ حاصل کرسکے ۔نائب صدر دوئم کی نشست پر امتیاز حسین شاہ نے 365 ووٹ حاصل کیے جبکہ مدمقابل محمد عظیم اللہ نے 272ووٹ حاصل کیے ۔اسی طرح محمد نوید بسرا339 حاصل کرکے جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ان کے مدمقابل میاں ذوالفقار احمد نے 292ووٹ حاصل کیے ۔ اتحاد گروپ کے شیراز احمد اعوان373 ووٹ لے کر ڈپٹی جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل جانباز گروپ کے طارق عبداللہ270 ووٹ حاصل کرسکے ۔ محمد ارشد بھٹی366ووٹ لے کر جائنٹ سیکرٹری منتخب ہوئے مدمقابل یاسر رشیدکو 275ووٹ ملے ۔سیکرٹری نشرواشاعت کی نشست پر ندیم حسین نے 356 ووٹ حاصل کیے ۔حاجی قیصر محمود نت368ووٹ حاصل کرکے فنانس سیکرٹری منتخب ہوئے مدمقابل امیدوار عبدالواحدنے 275ووٹ حاصل کیے ۔ پرویز اختر چیمہ340ووٹ حاصل کرکے ایڈیشنل سیکرٹری منتخب ہوئے جبکہ ان کے مدمقابل عدنان یوسف301ووٹ حاصل کرسکے۔ اتحاد گروپ کے نو منتخب صدر اعجاز احمد انصاری نے تاریخی جیت کے موقع پر کہا کہ ورکرز کے اعتماد پر پورا اتریں گے ،ورکرز کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے ۔نو منتخب صدر نے کہا کہ یونٹی گروپ کے اتحاد سے ہماری جیت یقینی ہوئی۔ نو منتخب صدر اعجاز احمد انصاری نے کہا کہ سپورٹس گالا سرگرمیاں پچھلے چارسال سے رکی ہوئی تھیں، ہم ان کو فوری بحال کروائیں گے، میڈیکل کی مد میں 50فیصد کو 65فیصد تک بڑھائیں گے، اضافی بونس دلائیں گے۔ ترجیحی بنیادوں پر ایمپلائز کے مسائل حل کروائیں گے۔


