عید میلاد النبی کا تحفہ، پڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی


حکومت کا پیٹرول 10 روپے اور ڈیزل 13 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان
پٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمت قریباً برابر ہوگئی دونوں 249 روپے فی لیٹر دستیاب ہوں گے


اسلام آباد:وفاقی حکومت نے عید میلاد النبی ۖکے موقع پر عوام کر ریلیف دیتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر دی ہے۔ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 13 روپے فی لیٹر سے زائد کمی کا اعلان کردیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے اعلامیے کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے پیش نظر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیاہے۔بیان میں کہا گیا کہ قیمتوں کا اعلان آئندہ 15 روز کے لیے کیا گیا ہے جس کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گیا ہے۔
وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 10 روپے کی کمی کی گئی ہے اور اب پیٹرول 249 روپے 10 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 13 روپے چھ پیسے کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 249 روپے 68 پیسے ہو گئی ہے۔مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 11 روپے 15 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے جس کے بعد کی نئی قیمت 158 روپے 47 پیسے ہو گئی ہے۔لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر 12 روپے 12 پیسے سستا کردیا گیا ہے اور اب وہ 141 روپے 93 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہو گا۔
واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ چند ماہ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مرحلہ وار نمایاں تبدیلی کی گئی ہے۔
اس سے قبل 31 اگست کو وفاقی حکومت نے پیٹرول 1.86 روپے اور ڈیزل 3.32 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس سے قبل 15 اگست کو پیٹرول کی قیمت میں 8.47 روپے اور ڈیزل کی قیمت 6.7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔