34 میچز میں سے 11 راولپنڈی میں ہوں گے، کراچی اور لاہور میں 9، 9 جبکہ ملتان میں 5 میچز کھیلے جائیں گے

لاہور:پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی۔پہلا میچ ملتان میں 13 فروری کو ملتان سلطانز اور لاہور قلندرز کے درمیان کھیلا جائے گا، فائنل 19 مارچ کو لاہور قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا پاکستان کرکٹ بورڈڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کیا ہے ۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ مجھے پی ایس ایل 8 سے متعلق پریس کانفرنس کر کے خوشی ہو رہی ہے، گزشتہ سال پی ایس ایل کے لیے اچھا رہا، پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے بڑا ٹی ٹوئنٹی برانڈ ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی، لیگ کے میچز دو مرحلوں میں ہوں گے، میچز ملتان، کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔ان کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل کے موقع پر ویمن کے تین نمائشی میچز ہوں گے جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل شریک ہوں گی۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ منیجمنٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں کہاکہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کرانا چاہتے ہیں، کوئٹہ میں میچز کے لیے وہاں کی انتظامیہ سے بھی بات ہوئی ہے۔ان کا کہنا تھاکہ کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں پیمنٹ کی کمی کا سامنا نہیں ہے، آہستہ آہستہ پیمنٹ بڑھ رہی ہے۔
لیگ میں ٹیموں کے اضافے سے متعلق منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھاکہ فرنچائزز سے ساتویں اور آٹھویں ٹیم کو شامل کرنیکی بات کررہے ہیں، ٹیمیں بڑھانا ایک چیلنج ہے لیکن امید ہے اس پر قابو پالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ چارسال کے اندر اسٹیڈیم کے انفرا اسٹرکچر پرکام نہیں ہوا، میں کام نہ ہونے پر حیران بھی ہوں اور پریشان بھی۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں۔، ہم ایچ بی ایل پی ایس ایل کو مزید بڑا برانڈ بنانا چاہتے ہیں، نجم نے کہا اس سال لیگ پاکستان کے چار مختلف مقامات پر کھیلی جائیں گی۔فینز سے درخواست ہے کہ وہ لیگ کو اسپورٹ کرنے کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیمز کا رخ کریں ۔
پاکستان سپر لیگ کا شیڈول
پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پہلا میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان 13 فروری کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔
34 میچز میں سے 11 میچز راولپنڈی میں ہوں گے، کراچی اور لاہور میں 9، 9 میچز جبکہ ملتان میں 5 میچز کھیلے جائیں گے۔پاکستان سپر لیگ کا فائنل 19 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
ایونٹ میں کل 36 غیرملکی کھلاڑی شرکت کریں گے لاہور قلندرز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں اپنے اپنے ہوم گرائونڈز پر پانچ پانچ میچز کھیلیں گی۔



