بیک وقت دو ممالک میں رہنے کے خواہشمند ہوٹل اربیز آجائیں

کچھ کمرے ایسے ہیں کہ ا ن میں سوئے ہوئے آپ کا سر سوئیزر لینڈ اور ٹانگیں فرانس میں ہوتی ہیں
ہوٹل میں دونوں ممالک کی کرنسی قابل قبول ہے انتظامیہ کی جانب سے ٹیکس بھی دونوں ممالک کو دیا جاتا ہے
ہوٹل کے فرانسیسی حصے میں فرانسیسی جبکہ سوئٹزرلینڈ والے حصے میں سوئس کھانے ہی مہمانوں کو پیش کیے جاتے ہیں


پیرس:اگر آپ بیک وقت دو ممالک میں رہنا چاہتے ہیں تو اس منفرد ہوٹل اربیز میں چلے جائیں، جی ہاں! دنیا میں ایک ایسا منفرد ہوٹل موجود ہے جہاں آپ بیک وقت دو ممالک میں موجود ہوتے ہوئے سو سکتے ہیں۔اس خواہش کو پورا کر نے کے لئے آپ کو فرانس اور سوئٹزرلینڈ کی سرحد ی علاقے لاکیور میں قائم ہوٹل اربیز ( Hotel Arbez Franco-Suisse) پر جانا ہوگا۔یہ ہوٹل ایک ایسی منفرد جگہ پر قائم ہے جس کے اندر سے ہی فرانس اور سوئٹزرلینڈ کی سرحدیں گزرتی ہیں اسی وجہ سے یہ دنیا کا واحد ہوٹل ہے جو ایک ساتھ دو ممالک میں واقع ہے۔
اس ہوٹل کے منفرد مقام کی وجہ 1862 میں فرانس اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان ہونے والا ایک نیا سرحدی معاہدہ ہے جسے Treaty of Dappesکہا جاتا ہے، اس معاہدے میں فرانس اور سوئٹزرلینڈ نے سرحدی علاقے کی قریبی سڑک کا مکمل کنٹرول فرانس کو دینے کے لیے ایک چھوٹے سے علاقے کے تبادلے پر اتفاق کیا۔معاہدے میں یہ بھی طے ہوا کہ دونوں ممالک کی مشترکہ سرحدی علاقے پر قائم عمارتیں اپنے مقام پر ہی موجود رہیں گی۔ایسی صورتحال میں ایک مقامی کاروباری شخص نے سرحدی علاقے سے فائدہ اٹھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان سرحد پر ایک دکان اور بار کھولا جسے 1921 میں ایک مکمل ہوٹل اربیز میں تبدیل کردیا گیا۔
دونوں ممالک کی سرحد پر ہوٹل قائم کرنے کی وجہ سے اس ہوٹل کا آدھا حصہ فرانس اور آدھا سوئٹزرلینڈ میں ہے، سیاح ایک ہوٹل میں قیام کرتے ہوئے بیک وقت دو ممالک میں موجود ہوتے ہیں۔
اس ہوٹل کے کچھ کمرے ایسے ہیں کہ اس کا آدھا حصہ فرانس اور آدھا سوئٹزر لینڈ میں ہے اسی وجہ سے اگر مہمان ان کمروں میں سوئے تو ان کا سر سوئٹزرلینڈ اور ٹانگے فرانس میں ہوتی ہیں۔

ہوٹل میں فرانس اور سوئٹزرلینڈ دونوں کی کرنسی قابل قبول ہے جبکہ ہوٹل کے دونوںممالک کے لیے الگ ، الگ فون نمبرز ہیں۔
اس کے علاوہ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے فرانس اور سوئٹزرلینڈ دونوں جگہ ٹیکس ادا کیا جاتا ہے۔
آپ یہ جان کر بھی حیران ہوں گے کہ اس ہوٹل کے فرانسیسی حصے میں فرانسیسی کھانے جبکہ سوئٹزرلینڈ والے حصے میں سوئس کھانے ہی مہمانوں کو پیش کیے جاتے ہیں۔
اس ہوٹل میں دونوںممالک کی نشاندہی کرنے کے لیے فرانسیسی اور سوئس جھنڈے بھی لگائے گئے ہیں تاکہ مہمانوں کو اندازہ ہوسکے کہ وہ ہوٹل میں رہتے ہوئے کس ملک میں موجود ہیں۔