ملک میں وسائل کی نہیں نیک نیتی اورایمانداری کی کمی ہے،جمال ناصر

راولپنڈی اسلام آباد کے عامل صحافیوں کیلئے میڈیا ٹاون فیز ٹو بھی جلد دیں گے،پریس کلب کے دورہ کے دوران گفتگو


اسلام آباد : پنجاب کے وزیر صحت ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا ہے کہ ملک میں وسائل کی نہیںسیاستدانوں میں نیک نیتی اورایمانداری کی کمی ہے،اپنی وزارت کے ایک ماہ کے دوران پچھلے پانچ سالہ دور کی نسبت زیادہ کام کئے ہیں،ہسپتالوں میں بہت ساری نئی نوکریاں پیدا کر رہے ہیں،نیشنل پریس کلب کا تاحیات ممبر ہوں، کسی کے کہنے کے بغیر صحافیوں کی جنگ لڑ رہا ہوں،راولپنڈی اسلام آباد کے عامل صحافیوں کیلئے میڈیا ٹاون فیز ٹو بھی جلد دیں گے ،تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں نئی الٹرا ساونڈ مشینیں اور ایمبولینسز دے رہے ہیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اپنے اعزاز میں دیئے جانیوالے استقبالئے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر محکمہ صحت پنجاب کے سی ای او ڈاکٹر عنصر، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، این پی سی کے صدر انور رضا، سیکرٹری خلیل احمد راجہ، فنانس سیکرٹری نیئر علی، آر آئی یو جے کے صدر عابد عباسی، جنرل سیکرٹری طارق علی ورک، سینئر صحافی نواز رضا، فوزیہ شاہد اور انچارج نیشنل راولپنڈی پریس کلب کیمپ آفس شکیلہ جلیل سمیت راولپنڈی اسلام آباد کے سینئر صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔


ڈاکٹر جمال ناصر کا مزید کہنا تھا کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے تا حیات ممبران میں شامل ہوں ، جب لوگوں کو نیشنل پریس کلب کا تا حیات ممبر ہونے کا بتاتا ہوں تو وہ حیران رہ جاتے ہیں، کسی کے کہنے کے بغیر صحافیوں کی جنگ لڑ رہا ہوں،راولپنڈی اسلام آباد کے عامل صحافیوں کیلئے میڈیا ٹاون فیز ٹو بھی جلد دینگے، نیشنل پریس کلب اسلام آباد دائرہ اختیار میں نہیں آتا تاہم راولپنڈی پریس کلب اور میڈیا ٹاون میںڈسپنسری کی سہولت فراہم کرینگے،پروٹوکول کے سخت خلاف ہوں، ہسپتالوں میں دورے کے دوران ایم ایس کی کرسی پر بھی نہیں بیٹھتا،اپنے ایک ماہ کے دور وزارت میں گذشتہ پانچ برسوں سے زیادہ کام کروائے ہیںجن میںلوگوں کی آٹھ آٹھ برسوں سے رکی ہوئی ترقیاں کرائی ہیں۔
انہوں نے کہا بنیادی مراکز صحت میں ہونے والے بے ضابطگیوں کیخلاف انکوائری کرانے پر بہت زیادہ دباو کا سامنا کرنا پڑا مگر ثابت قدم رہا، دوران زچگی انتقال کرنے والی ماوں کو بچانے کیلئے چھوٹے شہروں کے ہسپتالوں میں نئی الٹرا ساونڈ مشینیں اور ایمبولینسز دے رہے ہیں، اس موقع پر محکمہ صحت پنجاب کے سی ای او ڈاکٹر عنصر کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر کی ہدایات کے مطابق صحافیوں کیلئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، این پی سی کے صدر انور رضا نواز رضا اور دیگر نے نیشنل پریس کلب آمد پر صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر جمال ناصر جڑواں شہروں کے صحافیوں اور عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ہیں،یہ ہمارا فخر ہیں، قبل ازیں این پی سی آمد پر صوبائی وزیر کا پر تپاک استقبال کیا گیا۔