آزاد کشمیر اسمبلی نے روایت برقرار رکھی ،ایک آزاد امیدوار نے 52 کے ایوان میں سے 48 ووٹ لے کر سب کو حیران کر دیا

مظفر آباد:ریاست آزاد جموں کشمیر نے بالآخر قائد ایوان کا انتخاب کر لیا ہے، بھمبر سے آزاد رکن اسمبلی چوہدری انوار الحق آزاد کشمیر کے بلامقابلہ وزیراعظم منتخب کرلیے گئے، انہیں 52 کے ایوان میں 48 ووٹ ملے جو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی تاریخ کا سب بڑا مینڈیٹ ہے۔چوہدری انوار الحق آزاد کشمیر کے 15 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا ہے، انہیں پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے ووٹ دیا۔
اس سے قبل آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا ہنگامی اجلاس جمعرات کی رات ہوا جس میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے 15 منٹ دیے گئے۔کاغذات نامزدگی جمع کرنے کے لیے جمعرات کی رات 12 بجکر 40 منٹ سے 12 بجکر 55 منٹ کا وقت دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق چوہدری انوار الحق کو پیپلز پارٹی اور فارورڈ بلاک کے 12، 12 اراکین اور (ن) لیگ کے7 ارکان کی حمایت حاصل رہی۔اس کے علاوہ انوار الحق نے اپوزیشن جماعتوں سے پاور شیئرنگ فارمولا بھی طے کرلیا۔
چوہدری انوار الحق کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع بھمبر سے ہے، انوار الحق سال 2006 میں پہلی بار ممبر اسمبلی منتخب ہوئے تھے، جبکہ 2 بار اسپیکر رہ چکے ہیں۔
گزشتہ رات ڈپٹی اسپیکر چوہددی ریاض کی صدارت میں اجلاس شروع ہوا تھا، چوہدری انوار الحق بلا مقابلہ منتخب ہوئے تھے اس لیے ان کو ہی اوپن بیلٹ ووٹ کیا گیا، ووٹنگ کے دوران 4 ممبران غیر حاضر رہے اور کل 48 ممبران نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسمبلی اجلاس سے غیر حاضر رہنے والوں میں پی ٹی آئی کے یاسر سلطان، شاہدہ صغیر، جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے سردار حسن ابراہیم اور مسلم کانفرنس کے سردار عتیق شامل ہیں۔
قائد ایوان کے انتخاب کے بعد خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر چوہدری یاسین اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شاہ غلام قادر نے نو منتخب وزیراعظم چوہدری انوار الحق کو مبارکباد دی۔
اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ تحریک آزادی کشمیر اور ریاست کی تعمیر و ترقی کے لیے نو منتخب وزیراعظم اپنا بھرپور کردار ادا ادا کریں گے۔نو منتخب وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا اور آج انہیں پی ڈی ایم اور تحریک انصاف نے ووٹ دیا۔چوہدری انوار الحق نے کہا کہ اس ایوان میں کون اپوزیشن ہوگا اور کون حکومت میں یہ آنے والا وقت بتائے گا، جتنے دن کام کروں گا ریاست کے بچے بچے کو پتا چلے گا، میں تربیت یافتہ سیاسی کارکن ہوں کسی حادثے میں نہیں آیا اب ہر شہری ریاست کے وزیراعظم کے احتساب کا پورا حق رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی لانی ہے، میں سب کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ووٹ دیئے، ایک سیاسی کارکن کی معراج ہے کہ ایک بی ڈی ممبر سے ہوتے ہوئے وزیراعظم بنا، کوشش کروں گا جتنے دنوں کا اقتدار ہو تحریک آزادی کشمیر کے حوالے سے سرحد پار کشمیریوں کو پتا چلے کسی ایسے شخص کو اللہ نے اقتدار دیا جس کے دل میں آپ بستے ہیں۔




