ہمارے چینی تاجر بھائی سلجھے ہوئے انسان دوست اور خاص طور پر پاکستان دوست ہیں
مستقبل چین کا ہے اور چین کے ساتھ مل کر ہی ہم اپنا معاشی مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں
غربت کے خاتمے سمیت چین نے ہر شعبے میں بے مثال ترقی کی ہے ،ہمیں چین سے سیکھنے کی ضرورت ہے ، سی پیک کو خصوصی انٹرویو

اسلام آباد(انٹرویو:محمد رضوا ن ملک)نواب خان اکاخیل وہ پاکستانی تاجر ہیں جو گزشتہ 15 سال سے زائد عرصہ سے چین کے ساتھ کاروبار کر رہے ہیں۔ حال ہی میں روزنامہ سی پیک نے نواب خان اکاخیل کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا اور چین کے ساتھ کاروبار کے حوالے سے ان سے گفتگو کی۔ نواب خان نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ سی پیک جو گزشتہ چار سالوں سے سست روی کا شکار تھا موجودہ حکومت کے آتے ہیں اس پر نہایت تیز رفتاری سے کام ہورہا ہے اس کی تکمیل کے بعد آپ 24 گھنٹے سے بھی کم وقت میں چین پہنچ جائیں گے۔ نواب خان اکاخیل نے بتایا کہ چین کے ساتھ ان کے تجارتی تعلقات پندرہ سال سے زاہد عرصہ پر محیط ہیں لیکن ان کے خاندان کے چین کے ساتھ تجارتی تعلقات بہت پرانے ہیں میرے والد اور دادا بھی چین کے ساتھ کاروبار کر رہے تھے اور ہمیں اس میں بہت نفع ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم کئی سالوں سے چینی لوگوں کے ساتھ تجارت کر رہے ہیں لیکن کبھی ہمیں کوئی شکایت نہیں ہوئی ۔انہوں نے کہا چین کے لوگ سچے اور کاروبار کے معاملے میں کھرے ہیں جس کے باعث دنیا بھر کے مقابلے میں چین کے ساتھ تجارت بہت نفع بخش اور آسان ہے۔

نواب خان اکاخیل نے بتایا کہ چین کے لوگ سلجھے ہوئے انسان دوست اور خاص طور پر پاکستان دوست ہیں۔ چین کے ساتھ کاروبار کرتے ہوئے مجھے کبھی محسوس نہیں ہوا کہ میں کسی دوسرے شہر یا ملک میں ہوں۔ چین کے لوگ پاکستانیوں سے خاص محبت کرتے اور پاکستانی تاجروں کو سہولیات دیتے ہیں ۔خاص طو ر پرکرونا کے دنوں میں ہمارا ایک سال تک کا کرائیہ معاف کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ غربت کے خاتمے سمیت چین نے ہر شعبے میں بے مثال ترقی کی ہے ،ہمیں چین سے سیکھنے کی ضرورت ہے ۔حکومت پاکستان اگر سہولیات دے تو ہم چین سے ہر چیز لا سکتے ہیں اور یورپ و امریکہ پر ہمارا انحصار کم ہو سکتا ہے۔ چین کی جدید ٹیکنالوجی اور خاص طور پر زرعی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا مستقبل چین کا ہے اور چین کے ساتھ مل کر ہی ہم اپنا معاشی مستقبل محفوظ بنا سکتے ہیں۔
نواب خان اکاخیل جو چین زبان روانی سے بول سکتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ ان کا خاندان 1997 ء سے چین کے ساتھ کاروبار کر رہا ہے ۔ہم چین سے کپڑا لاتے اور پاکستان میں بھر میں اسے بیچ کر منافع کماتے ہیں۔ انہوں نے چین کے ساتھ کاروبار کو فروغ دینے کے حوالے سے راولپنڈی چیمبر کی خدمات کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا چین کا ماحول کاروبار کے لئے بہت ہی سازگار اور انسان دوست ہے وہاں گرمی کم ہے بجلی اور گیس سستی ہے جس کی وجہ سے اشیاء پر لاگت کم آتی ہے۔
انہوں نے صحت کی سہولیات اور سیاحت کے حوالے سے بھی چین کو ایک لاجواب ملک قراردیا جہاں دیکھنے کو بہت کچھ ہے۔ نواب خان نے بتایا کہ ان کے کاروبار روابط زیادہ تر چین کے شہروں شائو شنگ اور شنگہائی کے ساتھ ہیں لیکن انہوں نے پورے چین کی سیاحت کی ہے اور کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے چینیوں کو بڑا انسان دوست پایا ہے۔ انہوں نے کہا ک چینی ین دنیا بھر میںڈالر کے مقابلے میں تیزی سے مضبو ط ہورہا ہے اور عنقریب دنیا پر ین کا راج ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔



