قبر میں مومن سے معرفت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق سوال کلیدی ہوگا، علامہ عبدالجلیل کوہاٹی، پیر فاروق الاسلام و دیگر کا خطاب
عابد حسین اعوان ( شہید) کیختم چہلم میں صحافیوں سمیت دیگر سیاسی و سماجی اور مذہبی وروحانی شخصیات کی کثیر تعداد میں شرکت

سنئیر صحافی طاہر محمود اعوان کے بھائی عابد حسین اعوان کے ختم چہلم سے علامہ عبدالجلیل کوہاٹی ،پیر فاروق الاسلام ، فاروق معاویہ ،علامہ شیر محمد قادری و دیگر خطاب کر رہے ہیں
اسلام آباد:اسلام آباد کے سنئیر صحافی و کالم نگار طاہر محمود اعوان کے چھوٹے بھائی عابد حسین اعوان ( شہید) کے ختم چہلم کے سلسلے میں ایصال ثواب کی عظیم الشان محفل کا انعقاد ہوا جس میں علمائے اکرام ، صوفیائے عظام، صحافتی برادری سمیت علاقے کی معروف سماجی و مذہبی شخصیات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سنئیر صحافی طاہر محمود اعوان کے چھوٹے بھائی عابد حسین اعوان شہید کا ختم چہلم گزشتہ روز انکے آبائی گائوں چورہ شریف میں ادا کردیا گیا۔ محفل سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالم دین اور تحریک منہاج القرآن کے رہنما پروفیسر علامہ عبدالجلیل کوہاٹی نے کہا کہ قبر میں مومن سے معرفت مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلق سوال کلیدی کردار ادا کرے گا ، اس سوال کا درست جواب وہی دے سکے گا جس نے دنیا میں اپنی زندگی نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت و اتباع میں گزاری ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ قبر کے امتحان کی تیاری کے لیے دنیا کی مختصر زندگی سے فائدہ اٹھانا چاہے۔
آستانہ عالیہ چورہ شریف کے پیر حماد الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں قرآن مجید کی توہین جیسے گستاخانہ اقدامات روکنے کے لیے مسلمانوں کو قرآن مجید سے اپنا تعلق مزید مضبوط کرنا ہوگا۔ سجاد نشین چورہ شریف پیر فاروق الاسلام نے کہا کہ مومن کے لیے حادثاتی موت شہادت کا درجہ رکھتی ہے، نیک اولاد والدین کے لئے صدقہ جاریہ ہے۔ ایمان کی سلامتی کے لیے تعلق بااللہ کو مضبوط کرنا وقت کی ضرورت ہے۔
محفل میں معروف ثنا خوان مصطفی فاروق معاویہ نے گلہائے عقیدت پیش کیا اور سماں باندھ دیا جب کہ صدر منہاج القرآن علما کونسل راولپنڈی علامہ شیر محمد قادری ، علامہ قدیر احمد نقشبندی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
محفل میں صحافتی برادری سمیت علاقے بھر سے دیگر سماجی،سیاسی و مذہبی شخصیات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
۔۔


