میں آدھا پاکستانی ہوں، وقار یونس کا انکشاف

وقار یونس کی اہلیہ ڈاکٹر فریال آسٹریلین شہری ہیں اور وقار فیملی کے ہمراہ عرصہ دراز سے سڈنی میں مقیم ہیں
اسلام آباد:پاکستان کے سابق سٹار فاسٹ بولر اور سابق کپتان بھورے والا ایکسپریس وقار یونس نے انکشاف کیا ہے کہ وہ آدھے پاکستانی ہیں۔ آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جمعہ کو ہونے والے میچ کے دوران اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب سابق پاکستانی کپتان وقار یونس کے بیان ‘مجھے پاکستانی مت کہو’ نے سب کو حیران کردیا۔ وقار یونس نے پاک آسٹریلیا میچ کے بعد ٹی وی پر مزاحیہ انداز میں تبصرہ کیا۔
سابق پاکستانی کپتان ورلڈ کپ کے لیے آفیشل براڈ کاسٹرز کے ساتھ منسلک ہیں، اس کے علاوہ وہ ورلڈ کپ کمنٹری پینل میں بھی شامل ہیں۔
وقار یونس نے آفیشل براڈ کاسٹرز کے پوسٹ میچ شو میں سابق آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن اور سابق کپتان ایرون فنچ کے ساتھ تبصرہ کیا۔تبصرہ کرتے ہوئے وقار یونس نے کہا کہ ‘میں آدھا آسٹریلین ہوں مجھے صرف پاکستانی مت پکارو’۔
یاد رہے کہ وقار یونس کی اہلیہ ڈاکٹر فریال آسٹریلین شہری ہیں اور وقار فیملی کے ہمراہ عرصہ دراز سے سڈنی میں مقیم ہیں۔وقار یونس کا کمنٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس پر سوشل میڈیا صارفین سابق کپتان کو سخت تنقید کا نشانہ بنارہے ہیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیانے پاکستان کو 62 رنز سے ہرا دیا ہے وہیں اس میچ کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آیا ہے کہ بھارٹی سیکورٹی اہلکار پاکستانی فینز کو میچ کے دوران پاکستان کے حق میں نعرے بازی سے بھی روکتے رہے ہیں۔
ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے جس میں ایک بھارتی سیکورٹی اہلکار کو پاکستانی فینز کو پاکستان کے حق میں نعرے بازی سے روکا جارہا ہے ۔ اس تکرار کے دوران پاکستانی فینز کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی ہے اور یہاں پاکستانی ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لئے آیا ہے اگر وہ پاکستان زندہ باد کا نعرہ نہیں لگائے گا تو کون لگائے گا۔