اسرائیل کے لئے جاسوسی قطری عدالت نے بھارتی نیوی کے 8 سابق افسران کو سزائے موت سنادی

قطر کی عدالت کے فیصلے سے گہرے صدمے میں ہیں، تفصیلی فیصلے کا انتظار کیا جارہا ہے، بھارتی وزارت خارجہ

دوحا:بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ قطر کی ایک عدالت نے بھارتی نیوی کے 8 سابق افسران کو سزائے موت سنادی ہے ۔ بھارتی حکومت نے قطر میں بھارتیوں کو سزائے موت ملنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ فیصلے کی تفصیلات کا انتظار ہے، معاملے کو قطری حکام کے ساتھ اٹھائیں گے۔
گزشتہ روز بھارتی وزارت خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قطر کی کمپنی میں کام کرنے والے 8 بھارتیوں کو قطر کی عدالت نے سزائے موت سنائی ہے۔ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ
قطر کی عدالت کے فیصلے سے گہرے صدمے میں ہیں، قطری عدالت کے تفصیلی فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں، اس سلسلے میں تمام قانونی اقدامات کریں گے۔بھارتی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ مقدمے کی حساس نوعیت کی وجہ سے اس معاملے پر مزید کچھ نہیں کہہ سکتے۔
یاد رہے کہ کچھ ماہ قبل بھارتی میڈیا نے بھارتی بحریہ کے 8 سابق افسران کے قطر میں گرفتار ہونے سے متعلق بتایا تھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی نیوی افسران کو اسرائیل کیلیے جاسوسی کے الزام میں قطر میں 2022 میں گرفتار کیا گیا تھا۔
بھارتی بحریہ کییہ سابق افسران قطری بحریہ کیلیے داہرا گلوبل ٹیکنالوجی میں چھوٹی آبدوزیں بنانے جیسے حساس نوعیت کے منصوبے پر کام کر رہے تھے۔
بھارتی نیوی کے سابق افسران میں کیپٹن نوتیج سنگھ گل، برندرہ کمار ورما، سورابھ وشست، کمانڈر امت نگپال، پریندو تواری، سگناکر پکالا، سنجیو گپتا اور ملاح راجیش شامل ہیں۔