پڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی،عوام نے فیصلہ مایوس کن قراردیا

پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 4 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لٹر کمی کی گئی

اسلام آباد:نگران حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا اعلان کر دیا ہے۔ جبکہ عوام نے مہنگائی کے اس دور میں اس معمولی کمی کو انتہائی ناکافی قراردیتے ہوئے مایوس کن قراردیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں2 روپے 4 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 47 پیسے فی لٹر کمی کی گئی ہے ، جس کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 281 روپے 34 پیسیفی لٹراورہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 296 روپے 71 پیسے فی لٹر ہو گئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 5 پیسے فی لٹرکمی کی گئی ہے ، جس کے بعد مٹی کیتیل کی نئی قیمت 204 روپے 98 پیسے فی لٹر ہوگئی، اسی طرح لائٹ ڈیزل بھی 9 روپے ایک پیسے فی لٹر سستا کر دیا گیا ہے،جس کے بعد لائٹ ڈیزل کی قیمت 180 روپے 46 پیسے فی لٹر ہوگئی ہے۔
اس سے قبل عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں نمایاں کمی کے بعد پاکستانیوں کو بھی پٹرول کی قیمت میں ریلیف دئیے جانے کا امکان ظاہر کیا جارہا تھا۔خیال رہے کہ 31 اکتوبر کو حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھاجبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں3.82 اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 3.40 پیسے کمی کی گئی تھی۔
15 اکتوبر کو حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمت میں 40 روپے جبکہ ڈیزل کی قیمت 15 روپے فی لیٹر کم کی گئی تھی۔ جس کے بعدپٹرول کی قیمت 283 روپے 80 پیسے فی لٹراور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 303 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی تھی۔اس کے بعد سے عوام نگران حکومت سے کسی ایسے ہی بڑے ریلیف کی توقع کئے ہوئے ہیں لیکن تاحال ان کی امید بر نہیں آئی ہے۔