قدرت نیازی نے بھی عمران احمد خان نیازی کا ساتھ چھوڑ دیا

سابق وزیر ڈاکٹر امجد بھی پی ٹی آئی چھوڑ کر آئی پی پی میں شامل جہانگیر ترین کا پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی رہنماء قدرت نیازی اور سابق وزیر ڈاکٹر امجد نے بھی بالآخر عمران احمدخان نیازی کا ساتھ چھوڑ دیا ، استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہوگئے ۔جہانگیر ترین نے ان کی شمولیت کا خیرمقدم کیا ہے۔
استحکام پاکستان پارٹی کے قافلے میں شامل ہونے والی قدرت نیازی کا تعلق سابق وزیراعظم عمران احمد خان نیازی کے حلقہ عیسیٰ خیل سے ہے یہ نصحت خیل نیازی ہیں۔ سوشل میڈیا پر ان کی استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت پر تبصرے جاری ہیں۔
تحریک انصاف ویمن ونگ کی رہنما قدرت نیازی نے استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر خان ترین سے اسلام آباد میں ملاقات کر کے پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ ، اس موقع پر مرکزی رہنما عون چوہدری بھی موجود تھے ۔
ملاقات میں قدرت نیازی نے استحکام پاکستان پارٹی کے سرپرست اعلی جہانگیر ترین اورصدر عبدالعلیم خان کی قیادت پرمکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی چھوڑ کر آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے سرپرست اعلی جہانگیر ترین نے قدرت نیازی کی پارٹی میں شمولیت کا خیرمقدم کیاہے. قدرت نیازی کا کہنا تھا کہ وہ افواج پاکستان کے خلاف پی ٹی آئی کے منفی روئیہ کی وجہ سے وہ بے چینی محسوس کرتی تھیں اور یہی وجہ ہے کہ بالآخر انہوں نے پارٹی سے علیحدگی کا فیصلہ کیا.
سابق وزیر ڈاکٹر امجد نے پی ٹی آئی چھوڑ کر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ سابق وزیر ڈاکٹر امجد نے سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر خان ترین و صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات میں آئی پی پی میں شمولیت کا اعلان کیا،ملاقات جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہوئی ،اس موقع پر سینئر رہنما آئی پی پی غلام سرور خان اور عون چوہدری بھی موجود تھے۔ جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان نے ڈاکٹر امجد کو پارٹی مفلر پہنا کر انکا خیر مقدم کیا،ڈاکٹر امجد نے جہانگیر ترین اور علیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہارکیا۔