ارا خان اور ان کے ہندو شوہر نے ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پردستخط کیے
شادی کی تقریبات 8 سے 10 جنوری تک راجھستان کے شہر اودے پور میں ہوں گی۔عامر خان نے مہمانوں کے لیے 176 کمرے بک کروالیے

راجستھان: بالی ووڈ کے معروف اداکار عامر خان کی بیٹی ارا خان نے اپنے ہندو بوائے فرینڈ سے شادی کر لی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق ارا خان اور ان کے ہندو شوہر نوپور شیکھرے نے گزشتہ روز ممبئی میں ایک تقریب کے دوران اپنی شادی کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹ پردستخط کیے جس کے بعد اب اس جوڑی کی شادی کی تقریبات 8 سے 10 جنوری تک راجھستان کے شہر اودے پور میں منعقد کی جائیں گی۔عامر خان نے بیٹی ارا خان کی شاہی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے 176 کمرے بک کروالیے ہیں۔
ارا خان کے شوہر ان کے اور ان کے والد عامر خان کے بھی فٹنیس ٹرینر رہے ہیں۔ نوپور شیکھرے نے تعلیم مکمل کرنے کے بعد سلیبرٹی فٹنیس ٹرینر کے طور پر کیریئر کا آغاز کیا اور وہ اتنی دولت و ملکیت کے مالک نہیں جتنی ارا خان ہیں۔ ارا خان عامر خان کی بڑی اور واحد بیٹی ہیں جو کہ ان کی پہلی بیوی رینا دتا سے ہیں جو ہندو مذہب سے تعلق رکھتی تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ راجھستان میں ارا خان اور نوپور شیکھرے کی شاہی انداز میں شادی ہوگی، اس دوران دونوں کے مذاہب کے مطابق رسومات ہوں گی جبکہ عامر خان اپنی بیٹی کی شادی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے 5 جنوری کو اپنے خاندان کے ہمراہ اودے پور پہنچ گئے ہیں۔
ارا خان اور نوپور شیکھرے کی شاہی شادی میں شرکت کرنے والے مہمانوں کے لیے اودے پور کے تاج اراولی ہوٹل میں 176 کمرے بک کرائے گئے ہیں، اس شاہی شادی میں تقریبا 250 افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں بالی ووڈ ستارے اور معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب ارا خان اور نوپور شیکھرے کا استقبالیہ 13 جنوری کو ممبئی میں ہوگا جس میں سلمان خان، شاہ رخ خان، اجے دیوگن، امیتابھ بچن، کرن جوہر، اکشے کمار، کرینہ کپور، راجکمار ہیرانی، جوہی چاولہ، راکیش اوم پرکاش سمیت دیگر بالی ووڈ شخصیات شرکت کریں گی۔
واضح رہے کہ بھارت میں دو مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کی شادی کے لیے خصوصی رجسٹریشن کی جاتی ہے اس کے بعد جوڑے اپنی اپنی روایات کے مطابق شادیاں کرسکتے ہیں۔
یہاں یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ بالی ووڈ اسٹار عامر خان کے داماد نے اپنی شادی کے دن روایتی شیروانی کے بجائے شارٹس اور بنیان پہن رکھی تھی ۔اسی طرح دلہا نوپور شیکھرے روایتی انداز یعنی گھوڑے یا گاڑی پر بارات لانے کے بجائے اپنے دوستوں کے ہمراہ جاگنگ کرتے ہوئے شادی کے مقام تاج لینڈز اینڈ تک پہنچے جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو دیکھ کر صارفین کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آخر کیوں نوپور شیکھرے نے شارٹس اور بنیان کا انتخاب کیا جس کی وجہ اب بھارتی میڈیا نے بتا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نوپور شیکھرے نے ستمبر 2022 میں، جب پہلی بار ارا خان کو شادی کے لیے پروپوز کیا تھا تو اس وقت بھی انہوں نے شارٹس اور بنیان ہی پہنی ہوئی تھی، اسی یاد کو تازہ کرنے کے لیے نوپور نے اپنی شادی کے دن بھی اسی طرز کا لباس زیب تن کیا۔




