کامسٹیک اور آئیڈا ریو سکولز کا خصوصی تعلیم کے اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرام کا اجرا

اسلام آباد: کامسٹیک اور آئیڈا ریو سکولز نے کامسٹیک آڈیٹوریم میں او آئی سی ممالک کے لیے خصوصی تعلیم کے اساتذہ کے لئے تربیتی پروگرام کا آغاز کیا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک نے آئیڈا ریو سکولز کی ٹیم کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔ انہوں نے نادرہ پنجوانی، معروف سماجی کارکن اور آئیڈا ریو سکولز کی صدر کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے او آئی سی خطے میں خصوصی تعلیم سے منسلک اساتذہ کی تربیت کے لیے کامسٹیک کے ساتھ مشترکہ پروگرام شروع کیا۔ پروفیسر چودھری نے کامسٹیک کے اغراض و مقاصد، پروگراموں اور دائرہ کار پر ایک جامع پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا مشترکہ تربیتی پروگرام او آئی سی کی 57 ریاستوں میں خصوصی تعلیم کے ضمن میں اہم کردار ادا کرے گا۔پروفیسر چودھری نے کہا کہ 1921 میں قائم ہونے والے آئیڈا ریو سکولز معذور بچوں کی خصوصی تعلیم کے نمایاں اداروں میں سے ہیں۔ یہ ایک صدی پرانا ادارہ ، اب نادرہ پنجوانی کی قابل، فیاض اور پرجوش قیادت میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ ہم نادرہ پنجوانی صاحبہ کے ان کے وژن کے شکر گزار ہیں جس کی وجہ سے یہ مشترکہ پروگرام ممکن ہوا۔
افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی نادرہ پنجوانی، صدر آئیڈا ریو سکولز نے کہا کہ یہ مشترکہ پروگرام مسلم ممالک میں خصوصی تعلیم کے اساتذہ کو تربیت فراہم کرے گا۔ انہوں نے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک، پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے او آئی سی ریاستوں میں خصوصی تعلیم کے اساتذہ کی کمیونٹی کی تربیت کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرام شروع کرنے کے اقدام کو سراہا۔محترمہ پنجوانی نے کہا کہ آئیڈا ریو سکولز اور کالج آئیڈا ریو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت چلائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایسوسی ایشن کراچی میں نابینا اور بہرے بچوں کو تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے وژن کے ساتھ وجود میں آئی تاکہ انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا مشن خصوصی بچوں کی ذہنی اور سماجی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور انہیں تعلیم و تربیت کے ذریعے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔
آئیڈا ریو سکولز کی بورڈ ممبر، محترمہ روبیکا رضا نے آئیڈا ریو سکولز کے قیام، اغراض و مقاصد، سرگرمیوں کے بارے میں ایک جامع پریزنٹیشن دی۔
تقریب میں فلسطین، آذربائیجان، افغانستان، یمن، سوڈان، صومالیہ، شام، نائجیریا اور کینیا کے سفیروں اور سفارت کاروں اور کامسٹیک کنسورشیئم کے ممبر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔