
اسلام آباد(سفارتی رپورٹر) پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مغدام نے منگل کی شام ایرانی کے سفارت خانے میں سنئیر صحافیوں اور ایڈیٹرز کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا ۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں ایرانی سفیر نے ایرانی سفارت خانے پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات کے خلاف مغربی میڈیا کے پروپیگنڈے کو ناکام بنانے کے حوالے سے پاکستانی میڈیا کا کردار لائق تحسین ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں انسانیت کے خلاف جرائم میں ملوث ہے وہ نہ صرف جنیوا کنونشن بلکہ انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔وقت آگیا ہے کہ اس حوالے سے اسلامی دنیا مزید سخت موقف اپنائے۔ انہوں نے کہا اسرائیلی حملوں میں کئی صحافی بھی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جو صحافتی حلقوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔
انہوں نے پاکستان اورایران کے دوستانہ تعلقات میں مزید اضافے پر بھی زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر غزہ میں اسرائیلی حملوں میں جان سے ہاتھ دھونے والے صحافیوں کے اعزاز میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
افطار پارٹی میں جڑواں شہروں کے سنئیر صحافیوں نے شرکت کی۔جن کی ایرانی کھانوں سے تواضع کی گئی ۔ایرانی سفیر نے دعوت افطار قبول کرنے پر صحافیوں کا شکریہ ادا کیا۔



