ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والوں کو پابندیوں کے ممکنہ خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیتے ہیں،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

اسلام آباد:ایرانی صدر کا دورہ پاکستان اور پاکستان میں ان کا شاندار استقبال امریکہ کو ایک آنکھ نہیں بھایا ہے اور اس نے دبے الفاظ میں پاکستان کو دھمکایا ہے ۔ پاک ایران تجارتی معاہدوں پر سامنے آنے والے امریکی ردعمل میں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے ایک سوال پر جواب میں کہا کہ ایران کے ساتھ تجارتی معاہدوں پر غور کرنے والوں کو پابندیوں کے ممکنہ خطرے سے آگاہ رہنے کا مشورہ دیتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی اور اس کے بڑے سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔امر یکا 20 برس سے پاکستان میں ایک بڑا سرمایہ کار بھی ہے، پاکستان کی اقتصادی کامیابی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔تاہم امریکی محکمہ خارجہ نے وضاحت کرنے ہوئے کہا کہ امریکا ممکنہ پابندیوں کا جائزہ نہیں لے رہا، ہم اپنی شراکت کو جاری رکھنے کے منتظر ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی ترجمان میتھیو ملر نے خبردار کیا تھا کہ ایران کے ساتھ کاروبار سے پاکستان کے امریکی پابندیوں میں آنے کا خطرہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جانی نقصان پر دکھ ہوا ہے اور کسی بھی ملک کو دہشتگردی کی کارروائیوں کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا پاکستان کو ایران کے ساتھ کسی بھی معاہدے سے باز رہنے کا مشورہ دیتے ہیں جبکہ امریکہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کے حق میں نہیں ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایران سے تجارت کے خواہشمند پابندیوں سے خبردار رہیں، امریکاکی پاکستان کو دبے الفاظ میں دھمکی



