انسانی خدمت کے قومی ادارہ کا یہ دورہ ہمیشہ یادگار رہے گا،اعجاز احمد باجوہ
ادارہ سے متعلق آگاہی قابل رشک قرار،نمز کی جانب سے سردار شاہد احمد لغاری کے لئے اعزازی شیلڈ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں زیر تربیت 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا نے ہلال احمر پاکستان نیشنل ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔فاطمہ جناح آڈیٹوریم میں باقاعدہ استقبالیہ تقریب کا شاندار انتظام کیا گیا تھا۔وفد کے اعزاز میں منعقدہ تقریب کا با قاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔قومی ترانہ کے بعد سیکرٹری جنر ل ہلال احمر پاکستان عبید اللہ خان نے استقبالیہ کلمات میں 35 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکا کو ہلال احمر آنے پر خوش آمدید کہا۔انہوں نے ملٹی میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ موومنٹ،انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اور انٹر نیشنل کمیٹی آف ریڈ کراس کی تاریخ اور ہلالِ احمر پاکستان کے قیام، اقدامات، جاری سرگرمیوں سے متعلق بتایا۔
اس موقع پرقدرتی آفات و سانحات کے دوران انسانیت کی خدمت پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ 2022 کے سیلاب متاثرین کے لئے ہلال احمر کی جانب سے خدمات کو تالیوں کی گونج میں سراہا گیا۔سیکرٹری جنرل عبیداللہ خان نے کہاکہ سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں ادارہ میں شفافیت اور احتسابی عمل کو یقینی بنایا گیا جبکہ ہلالِ احمر کے پروگراموں کوبھی وسعت دی گئی ہے۔
وفد کے سربراہ اعجاز احمد باجوہ نے اپنے خطاب میں ہلال احمر پاکستان آمد کو باعث طمانیت قرار دیا انہوں نے کہا کہ فیلڈ وزٹ میں اداروں کا چناباریک بینی سے کیا جاتا ہے، ہلالِ احمر پاکستان کا انتخاب بھی اِس کی خدمات کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں نہ صرف درست سمت میں گامزن بلکہ محفوظ ہاتھوں میں ہے۔ادارہ سے متعلق آگاہی ہم سب کے لئے مفید ہے اور رہے گی۔انسانیت کی خدمت کے ادارہ کا دورہ ہمیشہ یادگار رہے گا۔
چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری نے اختتامی کلمات میں کورس شرکا کے دورہ کو خوش آئند قراردیتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا انہوں نے ہلال احمر پاکستان کے امیج اور ساکھ کو پائیداری بخشنے والے اقدامات کا تفصیل سے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ18 ماہ کی قلیل مدت میں 8 2لاکھ سیلاب متاثرین کی خدمت ایک ریکارڈ ہے۔انہوں نے بیرونی دنیا میں پہلی بار ہلال احمر پاکستان کی جانب سے غزہ،شام،ترکیہ کے لئے امدادی سامان بھجوانے اور مالی مدد سے متعلق بھی بتایا۔انہوں نے اپنے خطاب میں پاک فوج اور این ڈی ایم اے سمیت دیگر موومنٹ پارٹنرز کے تعاون اور شراکت داری کا بھی شکریہ اداکیا۔
تقریب میں ہلالِ احمر پاکستان کے منیجنگ بورڈ کے ممبران بریگیڈئر(ر) عبدالہادی، ڈاکٹر ارشاد محمد بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گروپ فوٹو سے قبل دورے میں شامل افسران کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں جب کہ وفد اور نمزکے سربراہ اعجاز احمد باجوہ کی جانب سے چیئرمین ہلال احمر پاکستان سردار شاہد احمد لغاری کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی۔نمز کے سربراہ اعجاز احمد باجوہ کی سربراہی میں 21 افسران پر مشتمل وفد نے ریجنل بلڈ ڈونرز سنٹر اور لائبریری کا بھی دورہ کیا اور وفد کے سربراہ اعجاز احمد باجوہ نے وزیٹر بک میں تاثرات بھی قلمبند کئے۔ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے شرکا کو ہلالِ احمر سٹار بیج بھی لگائے اور تمام شرکا نے بحیثیت رضاکار رجسٹریشن بھی کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔



