2024 ء دنیا کی آدھی آبادی اپنے نئے قائدین کا انتخاب کرے گی

پاکستان، بھارت ،امریکہ اور روس سمیت کئی اہم جمہوریتوں میں 2024 ء انتخابات کا سال ہے
غزہ پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے بعد اکثر ممالک میں موجودہ حکمرانوں کو عوامی غیض وغضب کا سامنا ہے
جارح اسرائیل کا ساتھ دینے والے مغربی ممالک کے حکمرانوں سے عوام انتقام لینے کے لئے تیار بیٹھے ہیں


اسلام آباد:2024 ء دنیا بھر میں انتخابات کا سال قراردیا جاسکتا ہے ۔ اس سال قریبا آدھے سے زائد آبادی اپنے نئے قائدین کا انتخاب کرے گی ۔بعض ممالک میں اس سال الیکشن ہوئے اور کچھ میں ہونے جارہے ہیں
دنیا کے درجنوں ممالک جن میں دنیا کی نصب آبادی بستی ہے، الیکشن ہونے ہیں۔ ان میں ہندوستان کے علاوہ امریکہ ، روس ا ور برطانیہ جیسے اہم ملک شامل ہیں۔ اس طرح دنیا کی کئی اہم جمہوریتوں میں رائے دہندگان کا امتحان ہے۔
ریاست ہائے متحدہ امریکہ ، روس، برطانیہ اور تائیوان سے ہندوستان، ایل سیلواڈور اورجنوبی افریقہ تک پالیمانی اور صدارتی انتخابات پوری دنیا میں سیاست، حقوق انسانی، معیشت، بین الاقوامی تعلقات اور امن کو قائم رکھنے میں اہم رول ادا کریں گے۔ یہ انتخابات اس لحاظ سے اہمیت کے حامل ہیں کہ عالمی نظام بری طرح متاثر ہے ، عالمی امن کو شدید خطرات لاحق ہیں اور کئی ممالک میں اقلیتوں کے حقوق بری طرح پامال کئے جارہے ہیں۔ خاص طور پر نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بمباری میں اسرائیل کو تحفظ دینے والے حکمرانوں کا مستقبل شدید خطرے میں ہے اور انہیں آمدہ انتخابات میں عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پاکستان اور روس میں انتخابات ہو چکے ہیں ،بھارت میںجاری ہیں اور امریکہ برطانیہ میں ہونے ہیں۔
جیسا کہ خیال کیا جارہا تھا کہ روسی صدر ولادی میر پوتن ایک بار پھر کامیاب ہو جائیں گے اور وہی ہوا انہوںنے کامیابی حاصل کر لی ہے ۔یہ الگ بات ہے کہ پوتن پر آمرانہ طرز حکمرانی کے الزامات عائد ہوتے رہتے ہیں۔
امریکہ میں نومبر میں ووٹنگ
امریکہ میں صدارتی الیکشن نومبر میں ہوگا۔اس کیلئے امیدواری کی دوڑ پوری شدت سے جاری ہے جس میں سابق صدر ڈونالڈٹرمپ بھی پوری طاقت لگارہے ہیں۔ اگرریپبلکن پارٹی میں ٹرمپ امیدواری کی دوڑ جیت جاتے ہیں تو مقابلہ جوبائیڈن اور ان کے درمیان ہوگا۔ امریکہ میں ایک بڑے طبقہ کو اندیشہ ہے کہ اگر ٹرمپ امیدواری کی دوڑ جیتنے میں کامیاب ہوتے ہیں ان کیلئے صدارتی الیکشن جیتنا بہت مشکل نہیں ہوگا جو عالمی سیاست میں ان کی وائلڈ کارڈ انٹری کے مترادف ہوگی۔
برطانیہ سمیت دیگر ممالک جہاں الیکشن ہونے ہیں
امسال جن ممالک میں الیکشن ہونے ہیں ان میں برطانیہ بھی اہم ہے جہاں کے دوسرے ششماہی میں پارلیمانی الیکشن ہوگا۔ یہاں جنوری سے قبل انتخابی عمل کسی بھی حال میں مکمل کرلیا جانا چاہئے۔ میکسیکو جون کو ملک کی پہلی خاتون صدر کو چن سکتاہے۔ یہاں مقابلہ میکسیکو سٹی کی میئر لودیا شینباوم اور سابق اپوزیشن لیڈر سوچیتل گالویز کے درمیان ہے۔ پاکستان میں فروری کو قومی اسمبلی کیلئے ووٹ ڈالے گئے جبکہ ہندوستان میں انتخابات ہو رہے ہیں جن کا نتیجہ جون میں سامنے آئے گا۔ پاکستان میں توقع کے مطابق ایک بار پھر مسلم لیگ ن اقتدار میں آچکی ہے لیکن توقع کے برعکس نوازشریف نے وزارت عظمیٰ کا منصب خود سنبھالنے کی بجائے اپنے چھوٹے بھائی کے سپرد کر دیا ہے۔ جبکہ ہندوستان میں وزیراعظم مودی کی تیسری بار کامیابی کا امکان ہے۔ جنوبی ایشیا کی سب سے بڑی جمہوریت انڈونیشیا میں بھی فروری میں انتخابات ہوئے ۔ اتنا ہی نہیں یورپی ممالک کی یورپی یونین کیلئے پارلیمانی الیکشن بھی اسی سال ہونے ہیں۔
بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ ایک بار پھر وزارت عظمی پر قابض ہوچکی ہیں۔